یو ایس ایڈ کی سیلاب متاثرہ اسکولز عمارتوں کی تعمیر اور نیوٹریشن پروگرام آغاز میں تعاون کرے گا، وزیراعلی سندھ

جمعہ 22 مارچ 2024 19:13

یو ایس ایڈ کی سیلاب متاثرہ اسکولز عمارتوں کی تعمیر اور نیوٹریشن پروگرام ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے امریکی قونصل جنرل مسٹر کونراڈ ٹریبل (Mr Conrad Tribble) اور یو ایس ایڈ پاکستان کی مشن ڈائریکٹر مس کیٹ سوم وونگسری (Ms Kate Somvongsiri) سے ملاقات میں یو ایس ایڈ کے پروگرام بالخصوص شعبہ تعلیم کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس وزیراعلی ہائوس میں ہوا جس میں چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ اور وزیراعلی کے سیکرٹری رحیم شیخ نے شرکت کی۔

وزیراعلی نے سندھ میں تعلیم کے شعبے میں کام کرنے پر یو ایس ایڈ کا شکریہ ادا کیا اور یو ایس ایڈ پاکستان کے سربراہ پر زور دیا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر بڑھانے میں تعاون کریں۔ یو ایس ایڈ پاکستان کی سربراہ محترمہ کیٹ سوم وونگسری نے کہا کہ یو ایس ایڈ سندھ حکومت کے ساتھ ملکر سیلاب سے متاثرہ اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر نو کا منصوبہ تیار کرے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ کو ہدایت کی کہ وہ یو ایس ایڈ کی ٹیم کے ساتھ اجلاس کر کے پلان کو حتمی شکل دیں۔ سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام (SBEP) کے تحت ریاستہائے متحدہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) نے حال ہی میں 11 اضلاع میں 104 اسکول تعمیر کیے ہیں جن میں سے 103 کو فعال کر دیا گیا ہے جہاں 18911 لڑکیوں سمیت 63969 طلبا کا داخلہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پروگرام SBEP کا ہدف سندھ کے جغرافیائی مقامات پر پرائمری، مڈل اور سیکنڈری اسکولوں میں طلبا کے اندراج کو بڑھانا اور اسے برقرار رکھنا ہے تاکہ اسکول کا ماحول پڑھانے اور سیکھنے کیلئے سازگار ہو۔ کیٹ سوم وونگسری نے وزیراعلی کو بتایا کہ USAID ماں بچے کی غذائیت کے پروگرام میں کام کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ وزیراعلی نے تعاون کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انکی حکومت کا محکمہ سماجی تحفظ ہے جو ان پروگرامزکی دیکھ بھال کرتا ہے۔

وزیراعلی نے اپنے سیکرٹری رحیم شیخ کو ہدایت کی کہ وہ نیوٹریشن پروگرام کیلئے یو ایس ایڈ کی ٹیم اور محکمہ سماجی تحفظ کے درمیان ہم آہنگی پیدا کریں۔ قونصل جنرل مسٹر کونراڈ ٹریبل نے سید مراد علی شاہ کو مسلسل تیسری بار سندھ کی وزارت اعلی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔