غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی و عرب وزرا کے مابین مذاکرات

جمعہ 22 مارچ 2024 20:35

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2024ء) مصر میں پانچ عرب ممالک کے وزرا نے غزہ جنگ کے بارے میں فلسطین کے ایک عہدے دار اور امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت خارجہ نے بتایا کہ یہ ملاقات دارالحکومت قاہرہ میں ہوئی۔

(جاری ہے)

مصر کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ اعلامیے کے مطابق وزرا نے غزہ میں مکمل اور فوری سیز فائر اور اسرائیل اور غزہ کے درمیان تمام گزرگاہوں کو امدادی سامان تک متاثرین کی رسائی کے لیے بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس ملاقات میں مصر، سعودی عرب، قطر، اور اردن کے وزرائے خارجہ کے علاوہ امارات کے وزیر برائے بین الاقوامی تعاون اور فلسطین کے سویلین امور کے وزیر موجود تھے۔غزہ کے جنوبی شہر رفح پر اسرائیلی زمینی حملے کے بعد شہر میں پناہ گزین 15 لاکھ بے گھر فلسطینیوں کے لیے پیدا ہونے والے خدشات کے تناظر میں عرب حکام نے فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے گھر کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرنے کا اعادہ بھی کیا۔