لاہور ہائیکورٹ کے 7 ججز کو انتظامی ذمہ داریاں تفویض

جمعہ 22 مارچ 2024 22:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2024ء) لاہور ہائیکورٹ کے 7 ججز کو انتظامی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئیں جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان کو کیس مینجمنٹ پلان، ضلعی عدلیہ، ہائیکورٹ اسٹیبلشمنٹ سمیت 11 انتظامی اختیارات تفویض کر دیئے گئے، جسٹس شجاعت علی خان کو سپریم کورٹ کیلئے وکلا ء کے فٹنس سرٹیفکیٹ، ٹرانسپورٹ سمیت 8 انتظامی اختیارات تفویض کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جسٹس علی باقر نجفی کے پاس ضلعی عدلیہ کا آڈٹ، سپریم کورٹ کیلئے وکلا ء کے فٹنس سرٹیفکیٹ سمیت 4 انتظامی اختیارات ہوں گے، جسٹس شاہد بلال حسن کو لاہور ہائیکورٹ کا آڈٹ، تعمیرات سمیت 4 انتظامی اختیارات سونپے گئے ہیں۔جسٹس مس عالیہ نیلم کو شعبہ آئی ٹی، اکائونٹس سمیت 5 انتظامی اختیارات تفویض کئے گئے ہیں جبکہ جسٹس عابد عزیز شیخ کے پاس سکیورٹی، ضلعی انتظامیہ سے آئے توہین عدالت کے کیسز سمیت 8 انتظامی اختیارات ہوں گے۔جسٹس صداقت علی خان ریکارڈ، انتظامی ججز کی مانیٹرنگ سمیت 5 انتظامی اختیارات کے حامل ہوں گے۔