جو بھی افسر غلط لیز جاری کرے گا وہ اپنی ملازمت کھو بیٹھے گا ،سید نجمی عالم

جمعہ 22 مارچ 2024 22:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2024ء) وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے لائیو اسٹاک، فشریز، ہیومن سیٹلمنٹ، اسپیشل ڈویلپمنٹ اور سوشل ہائوسنگ سید نجمی عالم کی زیر صدارت محکمہ ہیومن سیٹلمنٹ اتھارٹی(کچی آبادی)کا ایک اہم اجلاس جمعہ کو ہیومن سیٹلمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوا ، جس میں وزیر اعلی سندھ کے مشیر نے اتھارٹی کے افسران پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جو بھی افسر غلط لیز جاری کرے گا وہ اپنی ملازمت کھو بیٹھے گا اور اسے اینٹی کرپشن کیس کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اجلاس اتھارٹی کے عہدیداروں کو ضروری ہدایت کی گئی کہ آئندہ اجلاس میں ان تمام سوالات کے جوابات تحریری طور پر دیے جائیں تاکہ سندھ حکومت کو آگاہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بتایا جائے کہ کراچی میں کتنی کچی آبادیاں رجسٹرڈ ہیں اور آخری کچی آبادی کا نوٹیفکیشن کس تاریخ کو جاری کیا گیا۔

(جاری ہے)

کیا !یہ لیز کراچی ماسٹر پلان کے تحت دی گئی ہی انہوں نے کہا کہ نئی کچی آبادیوں کی تصاویر گوگل میپ کے تحت فراہم کی جائیں۔

سید نجمی عالم نے کہا کہ فیلڈ سٹاف کو حکم دیا جائے کہ جن لوگوں نے لیز کی منظوری دی ہے انہوں نے اتھارٹی سے لیز پیپرز لیے ہیں اگر لئے ہیں تو پابندی کے ساتھ حکومتی ادائیگیاں کر بھی رہے ہیں اگر نہیں کر رہے تو ان لوگوں کو نوٹس جاری کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی جائے کہ وہ کچی آبادیوں پر تجاوزات کی تفصیلات حکام کو فراہم کریں تاکہ انکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر آباد اور لاڑکانہ کی کچی آبادیوں کی بہتری کا کام تیز کیا جائے اور تمام فیلڈ سٹاف سے کہا جائے کہ وہ ہر ماہ اپنی پیشرفت رپورٹ پیش کریں۔ اس موقع پر کچی آبادیوں کے سیکریٹری یاسین شر، ایڈیشنل سیکریٹری شاہد علی شاہ اور ریجنل ڈائریکٹر کراچی منظور چانڈیو اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔#