حکومت قومی اداروں کی نجکاری کے بجائے ان میں اصلاحاتی نظام لائے ، خیر محمد

جمعہ 22 مارچ 2024 22:59

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) ممتاز مزدور رہنما خیر محمد فورمین نے اخباری بیان کے ذریعے کہاہے کہ حکومت قومی اداروں کی نجکاری کے بجائے ان میں اصلاحاتی نظام لائے آج بھی پی آئی اے، ریلوے، واپڈا، او جی ڈی سی ایل، کراچی پورٹ ٹرسٹ،اسٹیل مِل سمیت ملک کے دیگر ادارے ملکی معیشت اور تر قی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اس لئے قومی وحدت کی علامت والے اداروں کو نہ چھیڑا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ادارے ملک و قوم کی پہچان ہیں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ایماء پر قومی اداروں کی نجکاری کرنا ملک و قوم سے غداری کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ تمام قومی اداروں میں گڈ گورننس اور اصلاحاتی نظام لائے تاکہ ادارے صحیح طریقے سے کام کر سکیں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک عروج پر پہنچ گئے ہے لیکن پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو بھوک، افلاس، غربت، جہالت، پسماندگی، ہوشربا مہنگائی، بے روزگاری، بد امنی، بد عنوانی، دہشت گردی، کرپشن، لوٹ مار اور دولت کی غیر منصفانہ تقسیم سے سنگین صورتحال سے دوچار ہے اورملک آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی آکسیجن پر چل رہا ہے کسی بھی وقت آئی ایم ایف اورورلڈ بینک نے پاکستان کی ڈوبتی معیشت سے آکسیجن نکالا تو پھر اس ملک کا کیا ہو گا قومی اداروں کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنا 25 کروڑ عوام کے حقوق پر کھلم کھلا ڈاکہ ہے چند ارب ڈالر قرض کے عوض قومی وحدت کی علامت قومی اداروں کو ملٹی نیشنل کمپنیوں کے حوالے کرنا دانشمندانہ فیصلہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کی نجکاری سے بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات سمیت خوردنی اشیاء کی قیمتوں میں خطرناک حد تک مہنگائی ہوگی اور بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا جس سے غریب عوام بالخصوص محنت کش طبقے کو اپنے جسم و جان کے رشتے کو برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گااور ملک میں انارکی پھیلے گی پھر عوام کے غیض و غضب سے حکمران طبقے کو کوئی نہیں بچا سکے گا حکمران طبقے کو آئی ایم ایف کی غلامی چھوڑکر ملک کو درست سمت میںلے جانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف حکمرانوں کو سزا دینے کے بجائے غریب عوام پر گیس، بجلی، پٹرولیم مصنوعات اور خوردنی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کیلئے دبائو ڈال کر غریب عوام کو زندہ درگور کرنا چاہتا ہے اگر حکمران طبقہ واقعی ملک و قوم سے مخلص ہے تو قوم کی لوٹی ہوئی دولت بیرونِ ملک بینکوں سے واپس ملک میں لاکر نہ صرف آئی ایم ایف کا قرضہ اتارا جائے بلکہ باقی ماندہ رقم ملک و قوم کی ترقی پر لگا کر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے اپنے گلے سے آئی ایم ایف کا کشکول اتاریں اور پاکستان کو دنیا کا ایک عظیم ملک بنا کر ملک و قوم کو اس دلدل سے نکالا جائے۔