سی آئی اے پولیس کی حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں، خاتون منشیات فروش سمیت 4 ملزمان گرفتار، 10 کلو سے زائد چرس برآمد

جمعہ 22 مارچ 2024 23:03

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) سی آئی اے پولیس کی حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں کاروائیوں کے دوران خاتون منشیات فروش سمیت 4 ملزمان گرفتار کر کے 10 کلو سے زائد چرس برآمد کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اے ایس پی بلدیہ رانا محمد دلاور کی سربراہی میں سی آئی اے ، بلدیہ اور بھٹائی نگر پولیس کی مشترکہ کاروائیوں میں 2 منشیات ڈیلر گرفتار کر لئے گئے، ملزمان کی شناخت سرور ملاح اور کبیر چانڈیو کے ناموں سے ہوئی، زیر حراست ملزمان میں سرور ملاح کو تھانہ بلدیہ جبکہ ملزم کبیر چانڈیو کو تھانہ بھٹائی نگر کی حدود سے حراست میں لیا گیا۔

گرفتار منشیات ڈیلرز میں سرور ملاح کے قبضے سے 3 کلو گرام جبکہ ملزم کبیر چانڈیو کے قبضے سے بھی 3 کلو گرام چرس برآمد ہوئی ملزم کبیر چانڈیو بھٹائی نگر پولیس کو کرائم نمبر 38/2024 زیر دفعہ 324,353,34 تعزیرات پاکستان میں مطلوب تھا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانہ جات میں نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمات کا اندراج کردیا گیا۔ دوسری جانب سی آئی اے اور ہوسڑی پولیس نے مشترکہ کارروائی میں خاتون منشیات فروش سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان کی شناخت عبدالرحمن چنڈ اور رضیہ مری کے ناموں سے ہوئی۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 4 کلو گرام چرس برآمد ہوئی، گرفتار ملزمان کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ حیدرآباد پولیس کا منشیات، گٹکا و مین پوری اور دیگر سماجی برائیوں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔