وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر کی زیر صدارت اجلاس ، لیز اور کچی آبادیوں کے معاملات کا جائزہ

جمعہ 22 مارچ 2024 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے لائیو سٹاک، فشریز، ہیومن سیٹلمنٹ، سپیشل ڈویلپمنٹ اور سوشل ہا ئوسنگ سید نجمی عالم کی زیر صدارت محکمہ ہیومن سیٹلمنٹ اتھارٹی(کچی آبادی) کا ایک اہم اجلاس ہیومن سیٹلمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوا۔ جمعہ کے روز جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر نے اتھارٹی کے افسران کو مُتَنَبہ کیاکہ جو بھی افسر غلط لیز جاری کرے گا وہ اپنی ملازمت کھو بیٹھے گا اور اسے اینٹی کرپشن کیس کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ بتایا جائے کہ کراچی میں کتنی کچی آبادیاں رجسٹرڈ ہیں اور آخری کچی آبادی کا نوٹیفکیشن کس تاریخ کو جاری کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر نے کہا کہ نئی کچی آبادیوں کی تصاویر گوگل میپ کے تحت فراہم کی جائیں اور فیلڈ اسٹاف کو حکم دیا جائے کہ جن لوگوں نے لیز کی منظوری دی ہے کیا انہوں نے اتھارٹی سے لیز پیپرز لیے ہیں اگر لئے ہیں تو پابندی کے ساتھ حکومتی ادائیگیاں کر بھی رہے ہیں، اگر نہیں کر رہے تو ان لوگوں کو نوٹس جاری کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر آباد اور لاڑکانہ کی کچی آبادیوں کی بہتری کا کام تیز کیا جائے اور تمام فیلڈ سٹاف سے کہا جائے کہ وہ ہر ماہ اپنی پیشرفت رپورٹ پیش کریں۔ اس موقع پر کچی آبادیوں کے سیکرٹری یاسین ،ایڈیشنل سیکرٹری شاہد علی شاہ اور ریجنل ڈائریکٹر کراچی منظور چانڈیو اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔