84ویں یوم پاکستان ، نمایاں خدمات انجام دینے والی 829شخصیات کو سول ایوارڈز دئیے جائیں گے

اعزازات دینے کی تقاریب ایوان صدر اور چاروں صوبائی گورنرز ہاﺅس میں منعقد ہونگی،پاکستان کیلئے خدمات دینے پر شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیزالسعود کو خصوصی ایوارڈدیا جائیگا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 23 مارچ 2024 12:16

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 مارچ2024 ء) ملک کے 84ویں یوم پاکستان پر نمایاں خدمات انجام دینے والی 829شخصیات کو سول ایوارڈز دئیے جائیں گے ،اعزازات دینے کی تقاریب ایوان صدر اور چاروں صوبائی گورنرز ہاﺅس میں منعقد ہونگی،ایوان صدر میں منعقد تقریب میں مختلف شخصیات کواپنے اپنے شعبہ جات میںنمایاں خدمات انجام دینے پر سول ایوارڈز سے نوازا جائیگا۔

پاکستان کیلئے خدمات دینے پر شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیزالسعود بھی ایوارڈ حاصل کریں گے جبکہ مختلف ممالک کے 18سفیروں کو بھی ایوارڈ سے نوازا جائیگا۔دیگر شخصیات جنہیں سول ایوارڈ دیا جائیگا ان میں طارق باجوہ،طارق پاشا،طارق فاطمی،سندھ کے سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ ،سابق نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر،سینئر بیورو کریٹ مشتاق سکھیرا،فواد حسن فواد،افتخار عارف،اصلاح الدین،انور مسعود،راحت علی خان،ڈاکٹر محمد جہانزیب،زاہد ملک ،کوہ پیما نائلہ کیانی و دیگر شخصیات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایوان صدر میں کل 80 سے زائد شخصیات کو سول اعزازات سے نوازا جائے گاجبکہ70 افراد صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی حاصل کریں گے۔ستارہ امتیاز حاصل کرنے والی 3،9شخصیات کو تمغہ امتیازاسی طرح7شخصیات کو نشان امتیازجبکہ ہلال پاکستان ایوارڈ حاصل کرنے والی 2شخصیات ہونگی۔ہلال شجاعت ایک شخصیت اور18شخصیات کو ہلال قائد اعظم جبکہ 40کو ہلال امتیاز ایوارڈ سے نوازا جائیگا۔

اسی طرح ایک شخصیت کو ستارہ پاکستان اور 20شخصیات کو ستارہ شجاعت جبکہ ستارہ امتیاز حاصل کرنے والی 63شخصیات شامل ہیں۔ستارہ قائد اعظم حاصل کرنے والی 3شخصیات اور چار کو ستارہ خدمت جبکہ 25کو تمغہ شجاعت سے نوازا جائیگا۔تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی 260شخصیات اور چار شخصیات کو تمغہ خدمت ایوارڈ سے نوازا جائیگا۔صحت کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے پر 299 شخصیات کو تمغہ امتیاز دیا جائے گااسی طرح مختلف فنکاروں و گلوکاروں کو بھی نمایاں خدمات انجام دینے پر ایوارڈز سے نوازا جائیگا۔