یوم پاکستان کے موقع پر گلگت بلتستان کے 8 افراد کو زندگی کے مختلف شعبوں میں شاندار خدمات انجام دینے پر سول اعزازات سے نوازا گیا

ہفتہ 23 مارچ 2024 13:23

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) یوم پاکستان کے موقع پرگلگت بلتستان کے 8 افراد کو زندگی کے مختلف شعبوں میں شاندار خدمات انجام دینے پر سول اعزازات سے نوازا گیا۔ گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے گورنر ہاؤس گلگت میں ایک مختصر مگر پروقار تقریب میں ان 8 افراد کو سول ایوارڈز عطا کئے۔ جن افراد کو یہ خصوصی اعزازات عطا کئے گئے ان میں شیرباز خان کو خدمات عامہ کے شعبے میں ستارہ امتیاز اور کھیلوں کے شعبہ سکنگ میں بہترین کارکردگی پر افرا ولی کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا ۔

اس طرح غلام حسین انجم کو شعبہ تعلیم ،ادب اور تحریر میں بہترین کارکردگی پر تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا ۔ممتاز اختر کو سماجی خدمات کے شعبے میں شاندار کارکردگی پر تمغہ شجاعت عطا کیا گیا۔

(جاری ہے)

مشہور باکسر عثمان وزیر تاجور کو کھیلوں کے شعبے باکسنگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر تمغہ امتیاز عطاء کیا گیا۔ مولانا محمد معاذ کو مذہب کے شعبے میں بہترین مذہبی سکالر کی حیثیت سے تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔امجد حسین کو شعبہ تعلقات عامہ میں بہترین کارکردگی پر تمغہ امتیاز عطا کیا گیا۔اسی طرح ڈاکٹر اسامہ ریاض کو شعبہ صحت میں کورونا وائرس کے دوران شاندار خدمات سر انجام دینے پر تمغہ امتیاز بعد از شہادت سے عطا کیا گیا۔