Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کا پتنگ کی ڈورسے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس

واقعہ کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم، پتنگ بازی کی روک تھام میں ناکامی پر اظہار برہمی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 23 مارچ 2024 13:18

وزیراعلیٰ پنجاب کا پتنگ کی ڈورسے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ 2024ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب نے فیصل آباد میں پتنگ کی ڈور سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا نوٹس لے لیا، مریم نواز شریف کی پولیس کو پتنگ بازی کے سدباب کےلئے موثر اقدامات کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے پتنگ بازی کی روک تھام میں ناکامی پر اظہارِ برہمی کیا، انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی خونی کھیل بن چکا ہے اور قابل سزا جرم ہے، تفریح کیلئے کسی شہری کی جان خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

بتاتے چلیں کہ صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پتنگ کی قاتل ڈور نے اپنی شادی کی تیاریوں میں مصروف نوجوان کی جان لے لی، 22 سالہ آصف کی عید سے چار روز بعد شادی تھی، تاہم شادی سے چند روز پہلے ہی اس نوجوان کے گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے کا یہ افسوسناک واقعہ پیش آگیا جہاں ناولٹی پل کے قریب گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کے واقعہ رپورٹ ہوا، ڈور پھرنے کے بعد 22 سالہ آصف موٹر سائیکل سے گر پڑا اور مسلسل خون بہنے کی وجہ سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف راولپنڈی میں خونی بسنت کے باعث پتنگ بازی کرتے چھت سے گر کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا جب کہ قاتل ڈور اور ہوائی فائرنگ سے بچوں سمیت 35 سے زائد افراد زخمی ہوئے، پتنگ بازی کے دوران تھانہ صادق آباد میں چھت سے گر کر جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 65 سالہ ممتاز علی کے نام سے ہوئی جب کہ زخمیوں میں 20 سے زائد بچے بھی شامل ہیں، دو زخمی بچوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی گئی۔

ہسپتال انتظامیہ نے بتایا اندھی گولی لگنے سے 13سالہ فاطمہ، 10سالہ مجاہد زخمی ہوئے، عبداللہ اور محمد امجد نامی بچے بھی اندھی گوکیاں لگنے سے زخمی ہوئے، کیمیکل ڈور یا قاتل ڈور گردن اور ہاتھ پر پھرنے سے 7سالہ عبداللہ اور ہاتھ کٹنے سے 10سالہ مصطفی زخمی ہوا، راول روڈ پر 14سالہ شہیر اور 13 سالہ عبدالرافع، 22 سالہ رجب، 12 سالہ صفیان، 10 سالہ محمد اسماعیل اور 7 سالہ ہادی ہاتھ پر ڈور پھرنے سے زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی آپریشنز کامران اصغر کا کہنا تھا کہ بسنت کے دوران پولیس نے 227 پتنگ بازوں کو گرفتار کیا، بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزمان سے 8 پستول اور بندوقیں برامد کرلیں، پتنگ بازوں سے 14 ہزار 230 پتنگیں برآمد ، بسنت کے دوران 188 مقامات پر کارروائی کرکے پتنگ بازوں کو گرفتار کیا، کارروائی میں 2 مختلف مقامات سے ہیوی ساؤنڈ سسٹم بھی قبضہ میں لیا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات