گورنر سندھ کی بابائے قوم کے مزار پر حاضری ، فاتحہ خوانی،پھول رکھے اور ملک کی تعمیر وترقی کے لئے دعا کی

پاکستان زندہ باد کے نعرے کو زندہ رکھنا ہے، پاکستا ن بھی ترقی کی منزل کی طرف گامزن ہوگا، گورنر سندھ کی میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 23 مارچ 2024 19:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بابائے قوم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر حاضری دی، مزار قائد پہنچنے پر سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن اور چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔ گورنر سندھ نے یوم پاکستان کے موقع پر قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، گورنر سندھ نے مزار پر فاتحہ خوانی کی، پھول رکھے اور ملک کی تعمیر وترقی کے لئے دعا کی۔

گورنر سندھ نے مزار قائد پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کی قدر وہی لوگ کرسکتے ہیں جو آزاد ملک میں رہتے ہیں، ہم سب کو چاہئیے کہ تما م سیاسی اختلافات کو بھلا کر ایک قوم بن جائیں، گورنر سندھ نے کہا کہ آج کا دن رہتی دنیا تک اس لیے یاد رکھا جائے گا کہ آج آزاد مملکت کا خیال پیش کیا گیا تھا، خواب پورا ہوا اور ہم آزادی کے ساتھ اپنی زندگی گذار رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان زندہ باد کے نعرے کو زندہ رکھنا ہے، پاکستا ن بھی ترقی کی منزل کی طرف گامزن ہوگا، کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ملک میں ایس آئی ایف سی پاکستان کا مستقبل ہے، گورنر سندھ نے کہا کہ ملک اندرونی و بیرونی سازش کا شکار ہے، بھارت آج تک ہم سے آزادی کا بدلہ لے رہا ہے، ہماری فورسز کے جوان شہادت کا جذبہ رکھتے ہیں،یہی جذبہ قوم کو بکھرنے نہیں دے گا، انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پرآناہوگا، موجودہ سیاسی قیادت کی بردباری سے ملک آگے بڑھے گا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ میں روشن مستقبل دیکھ رہا ہوں، ہمارا ملک آئی ٹی کا ملک کہلائے گا، سندھ کے چھ اضلاع میں آئی ٹی کی کلاسز شروع کی جائیں گی، انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس تمام وسائل موجود ہیں ملک کو آگے بڑھائیں گے، اب پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی، انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو پاکستان کے لیے سوچنا ہوگا، باتوں کو چھوڑ کر عملی اقدامات کی طرف آنا چاہیے، آنے والے برسوں میں بیرون ملک جانے والے نوجوان واپس لوٹیں گے۔