سابق سیکریٹری خارجہ و سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) شہریار خان طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کرگئے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار و دیگر کا اظہار تعزیت

ہفتہ 23 مارچ 2024 22:06

سابق سیکریٹری خارجہ  و سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) شہریار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) سابق سیکریٹری خارجہ و سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) شہریار خان طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کرگئے۔ان کی عمر89 برس تھی۔ مرحوم1934 میں پیدا ہوئے اور 1957 میں فارن سروس میں شمولیت اختیار کی اور 1994 میں اپنی ریٹائرمنٹ تک سیکریٹری خارجہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایک بیان میں سابق سیکرٹری شہریارخان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بطور سفارت کار اور چیئرمین پی سی بی پاکستان کی خدمت کی اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کو جنت میں اعلی مقام اور ان کے اہل خانہ اور دوستوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ نے سابق سفیر اور ہائی کمشنر کو خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان کے سفارتی مفادات کے تحفظ میں ان کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

ایکس پر ایک پوسٹ میں سکریٹری خارجہ محمد سائرس قاضی نے شہریار خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور انہیں پاکستان کے بہترین سفارت کاروں میں سے ایک قرار دیا۔سکریٹری خارجہ محمد سائرس قاضی نے کہا کہ شہریار خان اپنے پیچھے کامیابی اور پاکستان کے مفادات کے تحفظ اور فروغ کی شاندار وراثت چھوڑ گئے ہیں۔ اس سے قبل وہ اردن اور فرانس میں سفیر اور لندن میں ہائی کمشنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔

1994 سے 1996 تک انہوں نے روانڈا میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے کی حیثیت سے امن آپریشنز کی نگرانی کی۔ شہریار خان2003 سے 2006 اور پھر 2014 سے 2017 تک چیئرمین پی سی بی رہ چکے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی شہر یار خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک بہترین ایڈمنسٹریٹر کے طور پر کردار کو سراہا جنہوں نے انتہائی لگن سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی خدمت کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کی حیثیت سے شہریار خان کے قابل ستائش کردار اور ملک میں کھیل کی ترقی اور فروغ میں ان کی خدمات پر ان کا مقروض رہے گا۔ بھارت کے شہر بھوپال میں پیدا ہونے والے مرحوم شہریار خان'دی بیگمز آف بھوپال'، 'دی شیلو گریوز آف روانڈا'، 'کرکٹ: امن کا پل' اور'بھوپال کنکشنز'کے مصنف تھے۔