یوم پاکستان‘ ٹریفک ہیڈ کوارٹرز گلبہار میں پرچم کشائی کی تقریب

چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے پرچم کشائی کی اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعائیں مانگیں

ہفتہ 23 مارچ 2024 22:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2024ء) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے ٹریفک ہیڈ کوارٹرز گلبہار میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے پرچم کشائی کی اور سلامی پیش کی۔ چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے پرچم کشائی کے بعد ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعائیں مانگیں جبکہ ٹریفک ہیڈ کوارٹرز گلبہار میں ''پلانٹ فار پاکستان'' مہم کے تحت پودا بھی لگایا گیا۔

چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ 1940 ء تجدید عہد کا دن ہے ہمیں شکر کرنا چاہئے کہ ہم ایک آزاد ملک میں آزادی سے زندگی گزار رہے ہیں اور ملک وقوم کیلئے ترقی کا عہد کرتے ہیں۔ انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ یوم پاکستان پر شہریوں کو سفری سہولیات فراہمی کرنے کے لئے متبادل راستوں بارے آگاہی دیں اس سلسلے میں یوٹیوب اور ایف ایم ریڈیو پر باقاعدہ شہریوں کو آگاہی بھی دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک حکام ون ویلنگ کرنیوالوں کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں اور اسی طرح اوور سپیڈنگ میں ملوث افراد کی بھی حوصلہ شکنی کی جائے۔ انہوں نے ٹریفک حکام اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے پوائنٹس میں موجود رہیں اور شہر میں کسی بھی جگہ رش نہ بننے دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری یوم پاکستان منائیں مگر اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کا خاص خیال رکھیں تاکہ کسی قسم کا ٹریفک حادثہ رونما نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ اور گاڑی چلانے والے حضرات سیٹ بیلٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔ انہوں نے ٹریفک حکام اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ایمانداری سے ڈیوٹی انجام دیں جبکہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔