ماسکو حملہ: داعش نے حملہ آوروں کی تصویر جاری کر دی

DW ڈی ڈبلیو ہفتہ 23 مارچ 2024 21:20

ماسکو حملہ: داعش نے حملہ آوروں کی تصویر جاری کر دی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 23 مارچ 2024ء) روسی دارالحکومت ماسکو کے قریب ایک کنسرٹ ہال میں جمعہ کی شب فائرنگ کے واقعے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 133 تک پہنچ چکی ہے۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق اسلامک اسٹیٹ یا داعش کے پراپیگنڈا چینل عماق نے آج ہفتے کے روز چار افراد کی ایک تصویر شائع کی ہے جس میں ان افراد کے چہرے ناقابل شناخت بنا دیے گئے ہیں۔

روس، کنسرٹ ہال ہر حملے کی ذمہ داری اسلامک اسٹیٹ نے قبول کر لی

ماسکو حملہ: 11 افراد حراست میں، ہلاک ہونے والوں کی تعداد 115 ہوگئی

رائفلوں، پستولوں اور بموں سے مسلح ان افراد نے داعش کے بیان کے مطابق، ایک میوزک ہال میں 'ہزاروں مسیحیوں کو نشانہ بنا کر‘ روس کو ایک 'بڑا دھچکہ‘ پہنچایا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے روسی دارالحکومت ماسکو کے مضافات میں کروکس سٹی ہال میں ایک کنسرٹ کے موقع پر نامعلوم مسلح افراد نے گزشتہ روز فائرنگ کر دی تھی۔

حملے کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی، پوٹن

روسی صدر ولادیمیر نے عزم ظاہر کیا ہے کہ اس 'بہیمانہ دہشت گردانہ‘ حملے کے پس پردہ لوگوں کو سزا دی جائے گی۔

آج ہفتے کو اس حوالے سے روسی صدر نے کہا کہ اس حملے کے براہ راست ذمہ دار چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو یوکرین فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

روسی حکام کے مطابق اب تک 11 افراد کو اس سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے کم از کم چار افراد اس حملے میں براہ راست ملوث ہیں۔

روس کی طرف سے اس حملے کے فوری بعد دعویٰ کیا گیا کہ اس خونریزی کے پیچھے یوکرین کا ہاتھ ہے، تاہم اس بارے میں کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔ دوسری طرف یوکرین کی طرف سے اس روسی الزام کی تردید کی گئی ہے۔

ا ب ا/ک م (ڈی پی اے)