ای او بی آئی میں بدانتظامی اور شکایات پر وفاقی محتسب اعلیٰ کا ازخود نوٹس ، خصوصی ٹیم ای او بی آئی ہیڈ آفس کا دورہ کریگی

ہفتہ 23 مارچ 2024 22:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) وفاقی محتسب اعلی اعجاز احمد قریشی نے ای او بی آئی کے بے شمار بیمہ دار افراد اور بزرگ پنشنرز کی جانب سے ای او بی آئی میں بدانتظامی، پنشن کیسیز کو بلاجواز مسترد کرنے اور پنشن کی منظوری میں غیر معمولی تاخیر کی بڑے پیمانے پر شکایات موصول ہونے پر معاملہ کا ازخود نوٹس لے لیا ہے ۔ ای او بی آئی کے سابق افسر تعلقات عامہ اور ڈائریکٹر سوشل سیفٹی نیٹ پاکستان اسرار ایوبی نے بتایا کہ ای او بی آئی میں کافی عرصہ سے کوئی مستقل چیئرمین، دو ڈائریکٹر جنرل آپریشنز، ڈائریکٹر جنرل انوسٹمنٹ، مستقل سیکریٹری بورڈ آف ٹرسٹیز اور مطلوبہ تعداد میں عملہ نہ ہونے کے باعث ادارہ سخت انتظامی و مالی بحران کا شکار ہے ۔

بزرگ بیمہ دار افراد اور متوفی ملازمین کی بیوگان اپنی پنشن کے لئے مارے مارے پھر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

وفاقی محتسب اعلی اعجاز احمد قریشی نے ای او بی آئی کی اس تشویشناک صورت حال کا ازخود نوٹس لے لیا ہے ۔ اس سلسلہ میں وفاقی محتسب سیکریٹریٹ اسلام آباد کے 21 مارچ 2024 کے فوری آفس آرڈر کے مطابق سید ذاکر حسین ایڈوائزر محتسب اعلی کراچی کی سرکردگی میں ایک ٹیم 25 مارچ کو ای او بی آئی ہیڈ آفس عوامی مرکز کراچی کا دورہ کرے گی ۔ معائنہ ٹیم موقع پر موجود بیمہ دار افراد اور پنشنرز سے ملاقات کرکے ان کی شکایات بھی سنے گی اور جملہ شکایات پر مشتمل اپنی رپورٹ 20 دن کے اندر عزت مآب وفاقی محتسب اعلی اسلام آباد کو پیش کرے گی ۔