سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں 148 ویں بین الپارلیمانی یونین کا اجلاس ، طویل تعطل کے بعد پاکستان کے پارلیمانی وفد کا اسپیکر قومی اسمبلی کی قیادت میں شرکت کا فیصلہ

اتوار 24 مارچ 2024 03:30

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں 148 ویں بین الپارلیمانی یونین کے اجلاس میں طویل تعطل کے بعد پاکستان کے پارلیمانی وفد کا اسپیکر قومی اسمبلی کی قیادت میں شرکت کا فیصلہ کرلیا ۔بین الپارلیمانی اجلاس میں پارلیمانی وفد کی جانب سے کشمیر میں جاری ظلم و ستم ، ماہ رمضان میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے بیہمانہ مظالم ، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان پر پڑنے والے اقتصادی و سماجی اثرات، افغانستان کی صورت حال اور بین الاقوامی برادری میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر پر ایک ٹھوس موقف اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق 148 ویں بین الپارلیمانی یونین کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے اپنے خطاب میں ان تمام امور پر پاکستان کے عوام کے جذبات کی ترجمانی کریں گے۔

(جاری ہے)

خصوصاً کشمیر اور غزہ کا کیس بھرپور انداز سے اٹھایا جائے گا۔علاوہ ازیں آئی پی یو کی ذیلی کمیٹیوں میں پاکستان کے پارلیمانی وفد میں شامل تمام پارلیمانی جماعتوں کے ممبران ، صحت، تعلیم، خواتین اور بچوں، موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر اہم امور پر ہونے والی بحث میں حصہ لیں گے۔پاکستان 1948 سے دنیا بھر کی پارلیمانوں پر مشتمل اس اہم بین الاقوامی تنظیم کا ممبر ہے جس کی قراردادوں کو بین الاقوامی سطح پر انتہائی اہمیت دی جاتی ہے۔