Live Updates

عرفان صدیقی کا بانی پی ٹی آئی کو جیل میں دستیاب سہولیات کے حقائق سامنے لانے کا مطالبہ

اتوار 24 مارچ 2024 03:30

عرفان صدیقی کا بانی پی ٹی آئی کو جیل میں دستیاب سہولیات کے حقائق سامنے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ 2024ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں دستیاب سہولیات سے متعلق حقائق سامنے لانے کا مطالبہ کردیا۔ جاری بیان میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ 179 دنوں میں بانی پی ٹی آئی سے 65 افراد نے 976 ملاقاتیں کیں، اس حوالے سے حقائق سامنے آنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے 179 دن میں 30 لاکھ روپے سے زائد کے کھانے کے اخراجات کے بارے میں حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں، بانی پی ٹی آئی کے خصوصی رہائشی یونٹ پر 1 کروڑ روپے کے اخراجات کے بارے میں حقائق بھی سامنے لائے جائیں۔

خیال رہے کہ صحافی زاہد گشکوری نے نیو نیوز کے پروگرام میں جیل ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ سابق چئیرمین تحریک تحریک انصاف کی خوراک کی مد میں چھ ماہ میں 35 لاکھ روپے سے زائد خرچ کرچکے ہیں، جیل میں سات ہزار سے زائد قیدیوں نے 6 ماہ میں 7 ہزار 256 ملاقاتیں کیں، مجموعی طور پر 300 سے 400 افراد ہر ہفتے قیدیوں سے ملاقاتیں کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کی جیل سے تصویر لیک کرنے والے کا پتا چل گیا ہے، اس ضمن میں ہونے والی تحقیقات کے مطابق سابق چئیرمین پی ٹی آئی سے ملاقات میں ایک وکیل نے پین کیمرہ سے تصویر لی جس کا تعلق لاہور سے ہے، ذمہ داروں کے خلاف ایکشن کی سفارش کر دی گئی ہے جب کہ سابق چئیرمین تحریک انصاف اڈیالہ جیل میں گزشتہ 6 ماہ میں 976 ملاقاتیں کرچکے ہیں، ملاقات کرنے والوں میں 65 مختلف شخصیات ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات