حکومت پاکستان کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر یو ایس ایڈ سمانتھا پاور کے لئے ہلالِ قائداعظم کا ایوارڈ

ہمارا مشن موسمیاتی چیلنجوں سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کرنا ہے،سربراہ یوایس ایڈسمانتھا پاور کی جانب سے پاکستانی عوام کا شکریہ

اتوار 24 مارچ 2024 13:25

واشنگٹن ڈی سی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) حکومت پاکستان کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر یو ایس ایڈ سمانتھا پاور کے لئے ہلالِ قائداعظم کا ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان-امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے محترمہ سمانتھا پاور کو ہلال قائدا اعظم (سول) کے اعزاز سے نوازا گیا ۔

سمانتھا پاور امریکہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی 19ویں ایڈمنسٹریٹر کے طور پر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ وہ پاک امریکہ مضبوط تعلقات کی حامی اور خصوصاً صحت، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی اور عوامی روابط کے فروغ کی علمبردار ہیں۔ایوارڈ عطا کیے جانے کے موقع پر پڑھے جانے والے اقتباس میں کہا گیا کہ محترمہ سمانتھا پاور نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران امریکی انسانی امداد کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

ایوارڈ حاصل کرنے پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سمانتھا پاور نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ ایوارڈ یو ایس ایڈ اور پاکستانی عوام کے درمیان پائیدار شراکت داری کا ثبوت ہے۔دل کو چھو لینے والے پیغام میں انہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ستمبر 2022 میں پاکستان کا دورہ کبھی نہیں بھول پائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقے کے اوپر سے پرواز کرتے ہوئے انہیں محسوس ہو رہا تھا کہ وہ سمندر کے اوپر پرواز کر رہی ہیں لیکن حقیقت میں سمندر ان سے سینکڑوں میل دور تھا۔

انہوں نے کہا کہ پانی کے بظاہر لامحدود پھیلاؤ کے نیچے پورے شہر ڈوب ہوئے تھے۔مشکل کی اس گھڑی کا ذکر کرتے ہوئے سمانتھا پاور نے وائٹ ہاؤس اور امریکی کانگریس کے ایوانوں کی جانب سے اعلیٰ سطحی حمایت کا ذکر کیا جس کی بدولت سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو 215 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی گئی۔ انہوں نے امریکی شہریوں اور امریکی کمپنیوں کی طرف سے تعاون پر بھی روشنی ڈالی جنہوں نے پاکستان کی امداد کے لیے 37 ملین ڈالر سے زیادہ کا عطیہ دیا۔

محترمہ پاور نے کہا کہ ہمارا مشن پاکستانی عوام کے لئے پانی کے انتظام کے نظام کو بہتر بنانے، موسمیاتی سمارٹ ایگریکلچر ٹیکنالوجیز اور تکنیکوں کے لیے منڈیوں کی تعمیر اور یو ایس پاکستان گرین الائنس اقدام کے تحت موسمیاتی موافقت کے لیے مالیات کو متحرک کرنے میں مدد کر نا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تباہ کن سیلاب سے بحالی کے طویل اور مشکل سفر میں ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے کے لیے پرعزم ہیں۔

قومی اعزاز حاصل کرنے پر محترمہ سمانتھا پاور کو مبارکباد دیتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ سمانتھا پاور پاکستانی عوام کی حقیقی دوست ہیں۔ پاکستانی عوام ان کی انسانی خدمات کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ اپنی خدمات اور قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت انہوں نے نہ صرف پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کیا ہے بلکہ بطور تنظیم یو ایس ایڈ کی ساکھ بھی بلند کی ہے۔