حافظ محمد ادریس کا جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی کو ٹیلیفون، سپریم کورٹ کے فیصلے پر مبارکباد پیش کی

اتوار 24 مارچ 2024 13:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی کو ٹیلی فون کر کے انھیں سپریم کورٹ کے فیصلے میں ان کی برطرفی کو غیرقانونی قرار دینے پر مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے شوکت عزیز صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کا وقار و تقدس، آئین و قانون کی بالادستی میں ہے، آپ نے مومنانہ کردار ادا کیا۔

انھوں نے کہا کہ آپ کی جدوجہد بھی قابل تحسین ہے۔ حافظ ادریس نے کہا کہ شوکت عزیز صدیقی نے جو مطالبہ کیا کہ ان کے خلاف غیرآئینی غیر قانونی اقدامات کرنے والے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ، بالکل درست ہے، ان ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے تاکہ آیندہ کسی کو صاف کردار کے حامل افراد کے ساتھ غیر آئینی غیر قانونی اقدام کرنے کی جرات نہ ہو سکے۔