چیئر مین پی سی بی نے 7 رکنی نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا

سلیکشن کمیٹی کا کوئی چیئرمین نہیں ہوگا، پی سی بی سلیکشن کمیٹی کو ری آرگنائز کیا ہے۔ محسن نقوی کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 مارچ 2024 14:50

چیئر مین پی سی بی نے 7 رکنی نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مارچ 2024ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے 7 رکنی نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی سی بی سلیکشن کمیٹی 7 ممبران پر مشتمل ہوگی، سلیکشن کمیٹی کا کوئی چیئرمین نہیں ہوگا، پی سی بی سلیکشن کمیٹی کو ری آرگنائز کیا ہے، وہاب ریاض، محمد یوسف، اسد شفیق اور عبدالرزاق کمیٹی میں شامل ہوں گے، اس کے علاوہ کوچ اور کپتان بھی سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی کا سلیکشن میں کوئی کردار نہیں ہوگا، ٹیم کو بہتر کرنے کیلئے سلیکشن کمیٹی یا میرے پاس کوئی چراغ نہیں، چیزیں بہتر ہونے میں وقت لگے گا، اب یہ نہیں ہوگا کسی کا فون آجائے کہ اس کو کھلا دو یہ نہیں چلے گا، قومی ٹیم کے کھلاڑی ٹریننگ کیلئے کاکول اکیڈمی جا رہے ہیں، عماد وسیم کو کوئی این او سی دینے کی بات نہیں ہوئی، حارث رؤف کا کنٹریکٹ بحال کردیا ہے۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں کچھ ایسے منصوبے کرنے جارہاہوں جس کا فائدہ 5 سال بعد نظر آئے گا، جادو سے کچھ تبدیل نہیں ہوسکتا، مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا کریڈیٹ کس کو ملتاہے، محنت پوری کریں گے، محنت میں کوئی کمی نہیں ہوگی، کرکٹ بورڈ کا پیسہ کرکٹ کی بہتری پر لگاؤں گا، کوئی لابی نہیں چلے گی سلیکشن کمیٹی فیصلوں میں آزاد ہوگی ، پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایک غیرملکی کوچ کے ساتھ بات چیت چل رہی تھی لیکن میڈیا پر کچھ زیادہ بڑھا چڑھا کر بتایاگیا جس کے باعث غیرملکی کوچ گھبرا کر بھاگ گیا، چند روز میں کوچ کا فیصلہ ہو جائے گا ، معاملات حتمی مراحل میں ہیں۔