دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کیاجائے،انجم عقیل خان

ازلی دشمن کو ایٹمی پاکستان اور سی پیک سے پریشانی ہے ،محب وطن قوتیں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں،مسلم لیگی رہنما و رکن قومی اسمبلی

اتوار 24 مارچ 2024 15:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے کہاہے کہ پاکستان کو مسائل کے گرداب سے نجات دلانے کیلئے قائداعظم کے اصولوںاور علامہ اقبال کے فرمودات کو عملی جامہ پہنانا ہوگا،ہماراایٹمی اثاثہ مکمل محفوظ ہاتھوںمیں ہے، دہشت گردی کے پے درپے واقعات کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرناہے، ازلی دشمن کو ایٹمی پاکستان ، سی پیک کی بدہضمی ہے، جسے دور کرنے کیلئے تمام محب وطن قوتیں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرکے دنیا کو بتا دیں کہ ہمیں پاکستان عزیزترین ہے۔

انہوںنے کہاکہ تمام تر سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قومی ایکشن پلان کی تمام شقوں پر اُس کی روح کے مطابق عملدرآمد کیاجائے، اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنااور ملکی ترقی کی روح رواں سی پیک سمیت جاری عوامی فلاحی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچاناہوگا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنماانجم عقیل خان نے کہاکہ یوم پاکستان وہ تاریخ ساز دن جب قرار دادپاکستان پیش کرکے ایک علیحدہ وطن کی بنیاد رکھی گئی ،قائداعظم محمد علی جناح نے علامہ اقبال کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے پاکستان بنانے کیلئے جدوجہد شروع کی جو پایہ تکمیل کو پہنچی،یوم قرارداد پاکستان ہمیں اکابرین تحریک آزادی کی لازوال جدوجہد کی یاددلاتا ہے قوم تحریک آزادی میں شامل ہر فرد کی انتھک جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ جو عناصر شروع دن سے قیام پاکستان کے مخالف تھے آج بھی ان کی سازشیں جاری ہیں جن کا سدباب اتحاد و اتفاق کی قوت سے ہی کیاجاسکتاہے،فکر اقبال ہی دراصل قیام پاکستان کا پیش خیمہ ہے آج ہماری درسگاہوں کے وارثان علم و ادب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ قرارداد پاکستان کی اہمیت ،نسل نو کو پاکستان کے قیام کے پس منظر سے آگاہ کرنے اور نظریہ پاکستان کے احیاء کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔