گوادر پورٹ حملے کے دہشتگرد کی بہن کی لاش حوالے کرنے کی درخواست

ہلاک دہشت گرد کریم جان کی بہن نے ہسپتال میں لاش کی شناخت کر لی

اتوار 24 مارچ 2024 17:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملے میں ملوث دہشت گرد کریم جان کی بہن نے لاش کی حوالگی کے لیے سول ہسپتال گوادر کو درخواست دے دی۔ہلاک دہشت گرد کریم جان کی بہن نے ہسپتال میں لاش کی شناخت کر لی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بہن کا بیان میں کہنا ہے کہ کریم جان دہشت گرد تنظیم بی ایل اے (مجید بریگیڈ) کا رکن تھا، کریم جان بلوچ کا نام یکجہتی کونسل کے مسنگ پرسن کی لسٹ میں بھی تھا۔

دہشت گرد کریم جان ولد فضل بلوچ تربت کا رہائشی تھا جو 25 مئی 2022ء کو لاپتہ ہوا۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پہلے دہشت گرد امتیاز ولد رضا محمد بھی لاپتہ افراد کی فہرست میں تھا، دہشت گرد امتیاز احمد بھی سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مارا گیا تھا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد عبدالودود ساتکزئی بھی لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل تھا جو مچ حملے میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارا گیا تھا۔واضح رہے کہ رواں ہفتے سیکیورٹی فورسز نے بی ایل اے کے دہشت گردوں کی گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی ای) کمپلیکس گوادر پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔سیکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی میں بی ایل اے کے تمام 8 دہشت گرد مارے گئے تھے۔