کراچی میں ڈاکوئوں نے ایک اور نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا

رواں سال ڈکیتی میں مزاحمت پر جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 44ہوگئی

اتوار 24 مارچ 2024 21:10

کراچی میں ڈاکوئوں نے ایک اور نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) شہرقائد کے علاقے نارتھ کراچی میں ڈاکوئوں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے ایک اور نوجوان کی جان لے لی، رواں سال ڈکیتی میں مزاحمت پر جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 44ہوگئی۔ڈی ایس پی نیوکراچی وسیم احمد کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر فائیو ایل صائمہ اپارٹمنٹ کے قریب ایک موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان فوم کی دکان پر لوٹ مار کررہے تھے کہ فوم کے دکان سے متصل دکان پر موجود جمیل الیکٹرونکس پر بیٹھے ہوئے 22 سالہ عبدالرحمان نے دکان سے باہر نکال کر ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی۔

ملزمان نے چار فائر کیے جن میں سے ایک گولی عبدالرحمان کو منہ پر لگی اور گردن میں پھنس گئی، گولی لگنے کے بعد نوجوان نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

مقتول کے دو بھائی اور ایک بہن ہے، مقتول دوسرے نمبر پر تھا۔مقتول کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے پوسٹ مارٹم کرنے اور پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔

ڈی ایس پی نے بتایا مقتول جمیل الیکٹرونکس کی دکان کے علاوہ مولٹی فوم کی دکان پر بھی کام کرتا تھا جس کی وجہ سے وہ اپنی دکان چھوڑ کر ڈاکوئوں کو پکڑنے گیا تھا کہ ملزمان نے فائرنگ کردی۔ پولیس کو موقع سے نائن ایم ایم کے 4 خول ملے ہیں۔ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ شواہد اکٹھے کیے ہیں ملزمان کو جلد گرفتار کریں گے، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فوم کی دکان سے لوٹ مار کی، ڈاکو دکان سے 80 ہزار روپے چھین کر نکلے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔مقتول عبدالرحمان کے ورثا نے حکومت اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے اپیل کی ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔کراچی پولیس چیف نے عبدالرحمان کے قتل کے فوری بعد ایس ایچ او بلال کالونی شہزادہ سلیم کو معطل کرکے عہدے میں تنزلی کردی اور واقعے کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔یاد رہے رواں سال کے دوران ڈاکو ڈکیتی میں مزاحمت پر اب تک 44 افراد کی جان لے چکے ہیں، جبکہ متعدد شہری اس دوران زخمی بھی ہوئے ہیں، بیشتر وارداتوں میں ملوث ملزمان اب بھی شہر میں آزاد گھوم رہے ہیں جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔