کراچی ایسوسی ایشن آف کارپٹ ، کرٹن اینڈ فرنیچر کے تحت افطار ڈنر

نئی حکومت سب سے پہلے لوگوں کے جان ومال کومحفوظ بنائے‘ تقریب کا مقصد کاروباری برادری کو منظم اور متحد رکھنا ہے ،جمیل پراچہ‘ صادق بیگ

پیر 25 مارچ 2024 06:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) کراچی ایسوسی ایشن آف کارپٹ ، کرٹن اینڈ فرنیچر کے زیر اہتمام افطار ڈنر ، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ،سندھ تاجر اتحاد، آل تاجران سندھ اتحاد ، پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن سمیت سنی تحریک ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں کے علاوہ بڑی تعداد میں کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ایسوسی ایشن آف کارپٹ ، کرٹن اینڈ فرنیچر اور گلشن اقبال مرچنٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے فاران کلب گلشن اقبال میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقع پر کراچی ایسوسی ایشن آف کارپٹ ، کرٹن اینڈ فرنیچر کے چیئرمین مرزا صادق بیگ ، صدر محمد زکریا، جنرل سیکریٹری شجاع الدین اور دیگر نے مہمانوں کا استقبال کیا جب کہ تقریب کے مہمان خصوصی سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئرنائب صدر غفار الطاف ، نائب صدر تنویر باڑی ، کراچی چیمبر میں کسٹم اینڈ ویلیوایشن کمیٹی کے چیئرمین عارف لاکھانی ، سندھ تاجر اتحاد کے رہنمائوں محمد ارشد خان ، عبدالالغنی میمن ، سلیم بٹلہ، تاجران سندھ اتحاد کے چیئرمین کاشف صابرانی ، جاوید صدیقی ، مقصود فراز ، سلیم راجپوت ، آل پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین رانا وحید ، سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری ، پاکستان تحریک انصاف حلیم عادل شیخ سمیت دیگر شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر جمیل احمد پراچہ نے کاروباری برادری کے مسائل کو حل کرنے کے لیے سندھ تاجر اتحاد کی سپریم کونسل کا اعلان کیا ، جس کے کنوینر جمیل احمد پراچہ جب کہ ڈپٹی کنوینر سلیم بٹلہ کا اعلان کیا ۔ جمیل پراچہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کونسل کے قیام کا مقصد ایسوسی ایشن میں تاجر رہنمائوںکے حوالے سے کوئی شکایت ہے تو اس کا ازالہ کرنا ہے ،اس حوالے سے سپریم کونسل کا 4 سے 5 رکنی وفد اس عہدے دار کے خلاف کارروائی کرے گا۔

جمیل پراچہ نے کہا کہ اس وقت کراچی میں چھینا جھپٹی اور لوٹ مار اپنے عروج پر ہے ، جیپ میںہزار یا 2 ہزار لے کر بھی گھر سے نکلنا مشکل ہوگیا ہے ،اس وقت کوئی شخص محفوظ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن ومان کی بدترین صورتحال جب قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شکایت کی جاتی ہے تو وہ کہتے ہیں ، یہ واقعات رپورٹ کیوں نہیں ہوتے ہیں جب کہ اصل حقیقت یہ ہے کہ جب کوئی شخص تھانے جاتا ہے تو اس کی شکایت یا رپورٹ درج کرنے کے بجائے اسے ڈرا دھمکاکر بھگا دیا جاتا ہے اور جب ہم بولتے ہیں تو ہمیں یہ کہا جاتا ہے کہ آپ بہت بولتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ نئی حکومت کو وہ سب سے پہلے لوگوں کے جان ومال کومحفوظ بنانے کے لیے اقدامات کرنے چاہییں ، اس وقت تاجر برادری کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، تاجر براری کی مثال اس ریوڑھ کیسی ہے جو تاجر ریوڑھ سے الگ ہوگا اسے ہمارے بدعنوان ادارے نوچنا شروع کردیتے ہیں ۔جمیل پراچہ نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے کاروباری صورتحال انتہائی مشکل ہوچکی ہے ، خریداری نہ ہونے کے برابر ہے ،ماہ رمضان کا ایک عشرہ ختم ہوگیا ہے لیکن تاجر برادری نے جو حدف رکھا تھا وہ ابھی تک 10فیصد بھی پورا نہیں ہوا ہے، یہی حالات رہے تو لوگ سڑکوں پر نکل آئیں گے۔

ا س موقع پر کراچی ایسوسی ایشن آف کارپٹ ، کرٹن اینڈ فرنیچر کے روح رواں مرزا صادق بیگ نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد کاروباری برادری کو منظم اور متحد رکھنا ہے تاکہ ان کے مسائل بہتر طریقے سے حل ہوسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر آف کامرس نے کسٹم کے معاملات میںہمارا بہت ساتھ دیا اور ہمارے مسائل حل کئے فرنیچر کا شعبہ ان کا شکر گزار ہے، اس کے ساتھ میںتمام کاروباری برادری کو کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہمارے پروگرام میں بڑی تعداد میں شرکت کرکے اسے کامیاب کیا۔اس موقع پر تاجر برادری کی جانب سے فلسطین کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔