سعودی عرب،شاہ سلمان اور شہزادہ محمد بن سلمان کا انتہائی ضرورت مند افراد کو رہائش فراہم کرنے کے لیے 150 ملین ریال عطیہ کرنے کا اعلان

پیر 25 مارچ 2024 09:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے انتہائی ضرورت مند افراد کو رہائش فراہم کرنے کی مہم ’جود المناطق‘ کے لیے 150 ملین ریال عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایس پی اے کے مطابق سعودی قیادت کی جانب سے عطیہ ان کی ہاؤسنگ پروگرام اور مملکت میں موجود ضرورت مند خاندانوں کو رہائش فراہمی کی کوششوں اور منصوبوں کی حمایت اور توجہ دینے کا تسلسل ہے۔

(جاری ہے)

وزیر ہاؤسنگ اور بلدیاتی ودیہی امورماجد الحقیل نے شاہ سلمان کی جانب سے 100 ملین ریال اور ولی عہد کی جانب سے 50 ملین ریال کی فراخدلانہ عطیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی قیادت کی عطیات کا جود الاسکان پورٹل کے تحت ضرورت مند خاندانوں کو مناسب رہائشی یونٹس کی فراہمی کی کوششوں پر گہرا اثر پڑے گا۔انہوں نے بتایا کہ رواں رمضان المبارک میں پورٹل کے تحت جود المناطق‘مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس کا مقصد سماجی تعاون سے ضرورت مند خاندانوں کو 10 ہزار رہائشی یونٹس فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت کی عطیات قومی سماجی منصوبوں کی حمایت کا تسلسل ہے جس میں مختلف سرکاری، نجی اور خیراتی اداروں کے علاوہ معاشرے کے افراد بھی حصہ لیتے ہیں۔