متحدہ عرب امارات ، ایشیائی کو گمنام پیغام پرعمل کرنے پر جرمانے اور ملک بدری کی سزا

پیر 25 مارچ 2024 09:40

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی اپیل کورٹ نے ایک ایشیائی کو گمنام پیغام پرعمل کرنے پر جرمانے اور ملک بدری کی سزا سنائی ہے۔الامارات الیوم کے مطابق یواے ای سے باہر ایک ڈرگ ڈیلر کی طرف سے ایشیائی کو گمنام پیغام ملا جس میں اسے ملک میں اس کام کی ترغیب دی گئی ۔

(جاری ہے)

ایشیائی نے ڈیلر سے منشیات ’کرسٹل‘ خریدی اور اے ٹی ایم کے ذریعے رقم اس کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرادی جس کے بعد ڈرگ ڈیلر کی جانب سے اسے اس جگہ کا نقشہ دیا گیا جہاں منشیات موجود تھی لیکن پولیس نے اسے گرفتار کرکے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا۔

عدالت میں دبئی پولیس کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف نارکاٹکس کنٹرول نے بتایا کہ ملزم کو شک کی بنیاد پر ایک مارکیٹ کے قریب نشہ آور مادہ لے جاتے ہوئے پکڑا گیا، اس کے حوالے سے معلومات قابل اعتماد ذرائع سے ملی تھیں۔مقدمے کی سماعت کے دوران ملزم قانونی طور پر مطلع ہونے کے باوجود پیش نہیں ہوا۔عدالت نے فیصلے میں مقدمے کے تمام شواہد پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا ملزم کا مجرمانہ ارادہ بھی نظر آتا ہے، تمام رپورٹس اور شواہد اس کے جرم کی عکاسی کرتے ہیں اس لیے اسے دس ہزار درہم جرمانہ اور ملک سے بے دخلی کی سزا سنائی جاتی ہے۔