حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑارمضان پیکج دیا ہے،اعظم نذیر تارڑ

معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے،وفاقی وزیر کا وزیراعظم کی ہدایت پر لاہور کے مختلف یوٹیلٹی سٹورز کا دورہ،دستیاب اشیاءکی فراہمی وکوالٹی اور دالوں کے نرخوں کی معلومات حاصل کیں

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 25 مارچ 2024 12:35

حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑارمضان پیکج دیا ہے،اعظم نذیر تارڑ
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 مارچ2024 ء) وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑنے کہا ہے کہ حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑارمضان پیکج دیا ہے ،معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے،وفاقی وزیر قانون نے لاہور میں وزیراعظم کی ہدایت پر مختلف یوٹیلٹی سٹورز کا دورہ کیا اور مختلف اشیاءکی فراہمی اور ان کے ریٹ لسٹ بھی چیک کئے اس موقع پر خریداری کیلئے آئے ہوئے مختلف صارفین سے اشیاءخوردونوش کی قیمتوں اور معیار کے بارے میںمختلف سوالات کئے ۔

وفاقی وزیر نے یوٹیلٹی سٹورز پر دستیاب دالوں اور دیگر اشیاءکی کوالٹی بھی چیک کی اور ان کے نرخوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر آج یوٹیلٹی سٹورز کا دورہ کرنے آیا ہوں تاکہ خود جا کر اشیاءخوردونوش کے معیار اور فراہمی کا جائزہ لے سکوں یہاں موجود سٹاک اور مختلف اشیاءکی ریٹ لسٹ کو چیک کیا اور صارفین نے بھی قیمتوں میں کمی کے بارے میں بتایا ہے ۔

اس موقع پر یوٹیلیٹی سٹورز سٹاف کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی سٹور پر گھی 335 روپے فی کلو اور چینی 109 روپے فی کلو فراہم کی جا رہی ہے جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام صارفین کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، رمضان پیکیج میں بی آئی ایس پی کے صارفین کو سبسڈی کے علاوہ عام صارفین کیلئے بھی خصوصی رعایتی قیمت مقرر کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت کئی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ہم نیک نیتی سے ملکی مسائل کو حل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور آنے والے دنوں عوام کو حقیقی معنوں میں اشیاءخوردونوش پر ریلیف فراہم کرینگے۔پاکستان کے مسائل کا حل ہم سب نے مل جل کر نکالنا ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے تاکہ ان کی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔