سعودی عرب میں فنڈ ریزنگ کے تحت 338 ملین ڈالر کی رقم جمع

بھلائی کے کاموں کے لیے جمع کی جانے والی رقم کواحسان کے نام سے شروع کیے گئے پروگرام کے تحت جمع کیا گیا

پیر 25 مارچ 2024 13:00

سعودی عرب میں فنڈ ریزنگ کے تحت 338 ملین ڈالر کی رقم جمع
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) سعودی عرب میں خیراتی کاموں کے لیے قائم پلیٹ فارم کے تحت رمضان کی پانچ تاریخ سے اب تک 338 ملین ڈالر یعنی 1.268 ریال کی خطیر رقم جمع کی گئی ہے۔ مملکت میں بھلائی کے کاموں کے لیے جمع کیے جانے والی رقم کواحسان کے نام سے شروع کیے گئے پروگرام کے تحت جمع کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس سلسلے میں پہلے روز بالترتیب 40 ملین سعودی ریال اور 30 ملین سعودی ریال جمع کرائے ہیں۔

احسان پروگرام کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ رمضان کے پہلے دس دنوں میں 3148205 عطیات جمع ہوئے ہیں۔ اس سے 1.26 ملین افراد کو فائدہ ہوا اور یہ رقم ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، سماجی بھلائی کے کاموں، صحت، خوراک اور مکانات کی تعمیر کے لیے خرچ ہو رہی ہے۔پورے رمضان المبارک کے دوران 'احسان' پروگرام کے تحت عطیات جمع کرنے کی یہ مہم جاری رہے گی اور مسلمانوں کی اس سلسلے میں شرکت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔