Live Updates

مریم نوازشریف نے پنجاب کی 5 بڑی شاہراہوں کی موٹرویزطرزکی تعمیر کرنے کی منظوری دے دی

پیر 25 مارچ 2024 20:49

مریم نوازشریف نے پنجاب کی 5 بڑی شاہراہوں کی موٹرویزطرزکی تعمیر کرنے ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کی 5 بڑی شاہراہوں کی موٹرویز طرز کی تعمیر کرنے کی منظوری دے دی، جن کی تعمیر کا تخمینہ 140 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ چیف انجینئر پنجاب ہائی وے کو فزیبلیٹی رپورٹ 5اپریل 2024ء تک تیار کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر حکومت پنجاب کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری ہونیوالے مراسلہ میں چیف انجینئر پنجاب ہائی وے ڈیپارٹمنٹ سنٹرل زون اور سائوتھ زون کو کہا گیا ہے کہ وہ پنجاب کی 5سڑکوں کو موٹرویز کی طرز پر تعمیر کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔

جن کے مطابق فیصل آباد چنیوٹ سرگودھا روڈ کو کمال پور انٹرچینج تا چنیوٹ تک 24کلومیٹر لمبی سڑک پر 11 بلیئن روپے‘ ساہیوال تا سمندری انٹرچینج تک 57.70 کلومیٹر لمبی سڑک کی لاگت کا تخمینہ 23 بلیئن‘ بہاولپور تا جھنگ روڈ پر 13بلیئن‘ ملتان تا وہاڑی کی 93.50 کلومیٹر روڈ پر 27بلیئن‘ چیچہ وطنی تا لیہ روڈ کی 199 کلومیٹر کی روڈ پر 66بلیئن کا تخمینہ لگایا گیا اور مذکورہ سڑکوں کی تعمیر کی فزیبلٹی رپورٹ 5اپریل 2024ء تک تیار کی جائے۔

(جاری ہے)

مذکورہ مین شاہراہوں کی تعمیر سے معاشی ترقی کی راہیں بھی کھلیں گی اور شہریوں کو سفری سہولیات اور آمدورفت میں آسانی پیدا ہونگی۔ فیصل آباد کے باسیوں نے فیصل آباد تا چنیوٹ اور ساہیوال تا سمندری روڈ کی تعمیر کے میگاپراجیکٹ دینے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات