پرنسپل ایچی سن کالج نے 40 لاکھ تنخواہ اورسالانہ ایک سو سے زائد چھٹیوں کی انکوائریز سے بچنے کیلئے یہ حربہ اپنایا ہے، گورنرپنجاب

پیر 25 مارچ 2024 21:38

پرنسپل ایچی سن کالج نے 40 لاکھ تنخواہ اورسالانہ ایک سو سے زائد چھٹیوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2024ء) گورنرپنجاب بلیغ الرحمٰن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پرنسپل ایچی سن کالج چالیس لاکھ تنخواہ لیتے ہیں اور ایک سال میں 100 سے زائد چھٹیاں کرتے تھے اسی سلسلے میں انکوائریز سے بچنے کے لیے انہوں نے یہ حربہ اپنایا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پرنسپل ایچی سن کالج دو مرتبہ استعفے کی درخواست دے چکے تھے، بورڈ نے نئے پرنسپل کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے استعفیٰ قبول نہیں کیا تھا، تاہم اگست 2024 میں پرنسپل کا استعفیٰ قابل عمل ہو جانا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگلے مہینے ایچی سن کالج کے نئے پرنسپل کی تعیناتی فائنل کر لی گئی ہے۔ پرنسپل ایچی سن کالج 40 لاکھ روپے تنخواہ وصول کر رہے تھے جس کا آڈٹ شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پرنسپل ایچی سن کالج ایک سال میں 100 سے زائد چھٹیاں کرتے تھے اور انکوائریز سے بچنے کے لیے انہوں نے یہ حربہ اپنایا ہے۔احد چیمہ اور ان کے بچوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ احد چیمہ ملازمت کی وجہ سے ایک سال سے اسلام آباد میں تعینات تھے، احد چیمہ کے بچے ایچی سن میں نہیں جا پارہے تھے اور جو کلاسز ان بچوں نے نہیں لی تھیں ان کی فیس معاف کرانے کی درخواست دی تھی۔