وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا: اعظم نذیر تارڑ

پیر 25 مارچ 2024 21:58

وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا: ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2024ء) وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا،حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکیج دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر لاہور میں یوٹیلیٹی سٹور کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے یوٹیلٹی سٹور پر دستیاب سہولیات، اشیائے خورونوش کی فراہمی اور معیار کا جائزہ لیا، ریٹ لسٹ بھی چیک کی۔اعظم نذیر تارڑ نے یوٹیلیٹی سٹورز پر آنے والے صارفین سے بھی گفتگو کی اور ان سے فراہم کی جانے والی اشیا ء سے متعلق سوالات کئے۔انہوںنے کہا کہ حکومت نے ملکی تاریخ کا ساڑھے 12ارب روپے کا سب سے بڑا رمضان پیکیج دیا ،عوام کو سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، رمضان پیکیج میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے صارفین کو سبسڈی کے علاوہ عام صارفین کیلئے بھی خصوصی رعایتی قیمت مقرر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یوٹیلٹی سٹور کے عملے نے بتایا کہ یوٹیلٹی سٹور پرگھی 335 روپے فی کلو گھی اور چینی 109 روپے فی کلو فراہم کی جا رہی ہے، بی آئی ایس پی صارفین کیلئے یوٹیلٹی سٹورز پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔