ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے ورلڈ بینک کے تجویز کردہ وفد سے سوک سینٹر میں قائم اپنے دفتر میں ملاقات

پیر 25 مارچ 2024 22:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2024ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے ورلڈ بینک کے تجویز کردہ وفد سے سوک سینٹر میں قائم اپنے دفتر میں ملاقات کی۔ ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائن کے تحت شہر کراچی کے انفرا اسٹرکچر میں بہتری اور ری سیٹلمنٹ کے لئے منظم منصوبہ بندی تیار کی جارہی ہے،ادارہ ترقیات کراچی کشمیر روڈ تا خداداد کالونی کے اطراف 3 روڈز کی تعمیر کا ارادہ رکھتا ہے، کورنگی ایکسٹینشن، کشمیر روڈ تا شاہراہ فیصل اور ڈم لوٹی روڈ کو براہ راست شاہراہ فیصل سے منسلک کیا جائے گا جس کے باعث پیریڈی اسٹریٹ اور شاہراہ فیصل پر ٹریفک کے دباؤ میں واضح کمی متوقع ہے۔

وفد کے نمائندوں نے ادارہ ترقیات کراچی کی حکمت عملی پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سروے مکمل کرکے فزیبلٹی رپورٹ مرتب کی جائے۔

(جاری ہے)

ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ روڈ کی تعمیر کے باعث مقامی افراد کی بڑی تعداد بے گھر ہونے کا خدشہ ہے لہٰذا حکومت سندھ محتاط اندازے کے مطابق 6ہزار سے زائد مقامی افراد کو متبادل جگہ فراہم کرے۔وفد نے ڈی جی کے ڈی اے کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

وفد کے نمائندوں نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک کے زیر اہتمام ری سیٹلمنٹ پر سیمینار کا انعقاد اور ٹریننگ کا عمل جلد شروع کیا جائے گا، سیمینار اور ٹریننگ کے عمل میں ادارہ ترقیات کراچی کے افسران شرکت کو یقینی بنائیں۔ بعدازاں ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے ادارہ ترقیات کراچی کی جانب سے وفد کے نمائندوں کو سندھ کی ثقافت اجرک و ٹوپی پیش کی۔

اس موقع پر ورلڈ بینک کے تجویز کردہ نمائندوں انسٹی ٹیوشنل ڈیولپمنٹ اسپیشلسٹ محمد معین، سوشل ڈیولپمنٹ اسپیشلسٹ محمد امان، ڈائریکٹر پلاننگ پی اینڈ ڈی ڈپارٹمنٹ گورنمنٹ آف سندھ غلام مرتضی ابڑو، ری سیٹلمنٹ اسپیشلسٹ (پی سی ایم) شفیق الرحمن جبکہ چیف انجینئر کے ڈی اے طارق رفیع، ممبر ایڈمنسٹریشن کے ڈی اے نوید انور، سیکریٹری کے ڈی اے بہزاد عامر میمن و دیگر افسران موجود تھے۔