کورونا میں فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے لئے ایوارڈز کی خصوصی تقریب کاانعقاد کیا جائے گا

پیر 25 مارچ 2024 23:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) کورونا میں فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے لئے ایوارڈز کی خصوصی تقریب کاانعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے 14 اگست 2023کو (COVID-19)کے خلاف جنگ کرتے ہوئے شہید ہونے والے 299 ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو بعد از شہادت تمغہ امیتاز سے نوازا تھا، ان میں سے بعض کے اشد ضروری کوائف اور معلومات وفاقی وزارت صحت کے پاس دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ان کو 23مارچ 2024کی وفاقی اور صوبائی تقریبات برائے تقسیم سول اعزازات میں شامل نہیں کیا جاسکا ہے۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزارت صحت کو اس سلسلے میں معلومات اور کوائف جلد اکٹھا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور ضروری معلومات اور کوائف کے دستیاب ہونے پر الگ سے خصوصی تقریب تقسیم اعزازات وفاقی اور صوبائی سطح پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا با ضابطہ اعلان کیا جائے گا۔