آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے زیر اہتمام ملک بھر میں یوم پاکستان منایا گیا

پیر 25 مارچ 2024 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا کی کال پر پیر کے روز ملک بھر کے پرائیویٹ سکولز میں خصوصی یوم پاکستان منایا گیا۔ پرائیویٹ سکولوں کے طلبا و اساتذہ نے یہ خصوصی یوم پاکستان اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا کہ ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے سخت محنت کریں گے۔ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے صدر کے کاشف مرزا نے ’’اے پی پی ‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں تاریخی قرارداد کی یاد میں ہے جس نے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے حصول کے لئے ایک فریم ورک فراہم کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے سکولوں میں پرچم کشائی کی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جبکہ ملک بھر کے پرائیویٹ سکولوں کی عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا گیااور خصوصی دعائیہ تقاریب، تقریری مقابلوں کے ذریعے قومی فلاح و بہبود، خوشحالی اور یکجہتی کے عزم کا اظہارکیاگیا۔

(جاری ہے)

تقریبات میں فلاحی ریاست کی تعمیر سے پاکستانیوں کی زندگیوں کوسنوارنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن تاریخی قرارداد کی یاد ہے جس نے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلیے علیحدہ وطن کے حصول کیلیے ایک فریم ورک فراہم کیا تھا۔