محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی موبائل رجسٹریشن یونٹ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کیمپنگ شروع

شہری اپنی سہولت کے مطابق گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ملکیت کی منتقلی موقع پر کروا سکیں گے ‘ سیکرٹری مسعود مختار

پیر 25 مارچ 2024 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) حکومت پنجاب کا شہری خدمات کی فراہمی میں ایک اور اہم اقدام،محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے موبائل رجسٹریشن یونٹ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کیمپنگ شروع کی ہے تاکہ شہری اپنی سہولت کے مطابق گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ملکیت کی منتقلی موقع پر کروا سکیں۔ سیکریٹری ایکسائز مسعود مختار کی ہدائت پر موبائل رجسٹریشن یونٹ نے پیر کے روز تلوار چوک بحریہ ٹائون پر کیمپ لگایا جہاں محکمہ کے افسران اور اہلکار ڈیجیٹل آلات کے ساتھ موجود تھے۔

متعدد شہریوں نے موقع پر اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کرائی جن کے واجبات کی ادائیگی بھی آن لائن کی گئی۔ کیمپ میں آنے والے شہریوں نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے شہریوں کو رجسٹریشن کی سہولت گھر کے قریب مل رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ مصروفیت اور مہنگائی کی وجہ سے لوگ دفاتر اور بینک کے چکر لگانے سے گھبراتے ہیں اور اس طرح گاڑیوں کی رجسٹریشن و دیگر معاملات عمومی طور پر التوا کا شکار رہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہلیز پر خدمات فراہم کرنے کا اقدام قابل تحسین ہے۔ دریں اثنا ڈائریکٹر ایکسائز ریجن سی لاہور محمد آصف نے بتایا کہ آج ( منگل ) دو بجے یہی کیمپ لبرٹی چوک گلبرگ میں لگایا جائے گا جس کا دورہ سیکریٹری ایکسائز مسعود مختار بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ موبائل یونٹ ہفتے کے مختلف دنوں میں شہر کے تمام مصروف مقامات پر لگتا رہے گا۔