قرارداد پاکستان آزادی پاکستان کا پیش خیمہ ثابت ہوئی، زاہدحسین ابڑو

یوم پاکستان منانے کی روایت قیام پاکستان سے پہلے ہی رکھ دی گئی تھی، پروفیسرعبدالقادر تحریک پاکستان اور قرارداد پاکستان پر لکھی گئی نایاب کتب اور ڈاکومنٹس کی نمائش کے موقع پر خطاب

پیر 25 مارچ 2024 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) قائد اعظم اکادمی کے افسر زاہد حسین ابڑو نے کہاہے کہ یوم پاکستان وطن بننے کے بعد نہیں بلکہ اسی دن سے منانے کی روایت رکھ دی گئی تھی جس دن قرارداد پاکستان منظور کی گئی۔ قرارداد پاکستان آزادی پاکستان کا پیش خیمہ ثابت ہوئی، قرارداد پاکستان نے ہندوستان کے مسلمانوں کو ایک سمت دی جس کو مسلمانوں نے قائد اعظم کی قیادت میں عبور کیا۔

یہ بات انہوں نے قائداعظم اکادمی کے جناح ہال میں یوم پاکستان کی مناسبت سے تحریک پاکستان اور قرارداد پاکستان پر لکھی گئی نایاب کتب اور ڈاکومنٹس کی نمائش کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی،نمائش کا افتتاح گورنمنٹ ڈگری کالج نبی باغ صدر کراچی کے پرنسپل پروفیسر عبدالقادر نے کیا نمائش دو دن جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسر عبدالقادر پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج نبی باغ نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کا قیام ایک طویل جدوجہد اور لا تعداد قربانیوں کا ثمر ہے۔

اس طویل جدوجہد کو واضح سمت 23 مارچ 1940 کو تاریخی قرارداد لاہور کی منظوری سے حاصل ہوئی جس سے بر صغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک نصب العین کا تعین ہوا ۔انہوں نے قرارداد لاہور کو مسلمانوں کی فتح قرار دیا۔پروفیسر عبدالقادر نے زاہد حسین ابڑو اور لائبریرین پروگرام کوآرڈینیٹر عبدالماجد فاروقی و دیگر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کے پروگرام سے نئی نسل کو اور طالب علموں کو آگاہی حاصل ہوتی ہے۔ تقریب میں بڑی تعداد میں معززین شہر اسکالرز اور طلبہ نے شرکت کی۔ اکادمی کی عمارت کو چراغاں سے بھی مزین کیا گیاتھا۔