چینی دستے کی یوم پاکستان پریڈ میں شرکت دونوں ملکوں کے منفرد رشتے کی عکاس ہے،لین جیان

چین نے سیسہ پلائی دیوار کی مانند دوست کی حیثیت سے پاکستان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،ترجمان چینی وزرات خارجہ اروناچل پردیش پر بھارت اور چین کے درمیان سرحد کبھی طے نہیں ہوئی،زنگنان بھارت کے غیر قانونی قبضے سے پہلے بھی ہمیشہ چین کا حصہ رہا ہے،پریس کانفرنس

پیر 25 مارچ 2024 22:40

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) ترجمان چینی وزارت خارجہ لین جیان نے کہا ہے کہ چین کے فوجی دستے کی یوم پاکستان کی پریڈ میں شرکت دونوں ممالک کے درمیان منفرد رشتے کی عکاس ہے۔بیجنگ میں پریس کانفرنس کے دوران لین جیان نے کہاکہ یوم پاکستان پر مسلح افواج کی خصوصی پریڈ میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل ای)کے دستے نے شرکت کی۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستانی فوج کی دعوت پر پیپلز لبریشن آرمی کے وفد نے فوجی پریڈ میں شرکت کی،چین کے فوجی دستے کی پریڈ نے دونوں ممالک کے درمیان منفرد رشتے کی عکاسی کی۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہاکہ چین نے سیسہ پلائی دیوار کی مانند دوست کی حیثیت سے پاکستان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوںنے کہاکہ اروناچل پردیش پر بھارت اور چین کے درمیان سرحد کبھی طے نہیں ہوئی،زنگنان بھارت کے غیر قانونی قبضے سے پہلے بھی ہمیشہ چین کا حصہ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین کے پاس اس خطے میں موثر انتظامیہ رہی ہے، 1987میں بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ علاقے پر نام نہاد اروناچل پردیش قائم کیا۔لین جیان نے کہاکہ ہم نے بھارت کے اقدامات کے خلاف سخت بیانات جاری کیے ہیں، ہم نے زور دیا بھارتی کارروائی غیر موثر ہے اور چین کے اس موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔