مخصوص نشستوں کی حلف برداری معاملہ،پشاور ہائیکورٹ کا سپیکر کو کل جواب جمع کروانے کا حکم

جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس سید ارشد علی نے اپوزیشن جماعتوں کی خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کی درخواست پر سماعت کی

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 26 مارچ 2024 11:33

مخصوص نشستوں کی حلف برداری معاملہ،پشاور ہائیکورٹ کا سپیکر کو کل جواب ..
پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 مارچ2024 ء) پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخواہ اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی حلف برداری کے معاملے پر سپیکرصوبائی اسمبلی سے جواب طلب کرتے ہوئے کل تک جمع کروانے کا حکم دیدیا،جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس سید ارشد علی نے اپوزیشن جماعتوں کی خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کی درخواست پر سماعت کی۔

الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر مہمند اور ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل اتمن خیل عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل الیکشن کمیشن سکندر بشیر مہمند نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے مگر اب سپیکر صوبائی اسمبلی ان سے حلف نہیں لے رہے ہیں۔وکیل سپیکر صوبائی اسمبلی علی عظیم آفریدی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اسمبلی کو کل طلب کیا ہے ان لوگوں نے الیکشن کمیشن میں بھی درخواست دی ہے اور یہاں بھی آگئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوران سماعت سپیکر صوبائی اسمبلی کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وکالت نامہ جمع کراوٴں گا ابھی سپیکر کے دستخط باقی ہیں اور کل اپنا جواب بھی جمع کراوٴں گا۔سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر مہمن نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ممبران کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ ایسے کیسز میں عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں، ایک آئینی عہدے دار اپنی آئینی ذمہ داری ادا نہیں کر رہا اور ممبران سے حلف نہیں لے رہا۔

نوٹیفکیشن کے بعد بدنیتی پر حلف نہ لینا آئینی خلاف ورزی ہے، مخصوص نشستوں کے کیس میں لارجر بنچ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کل اس کیس کو دوبارہ کیس سنیں گے۔بعد ازاں عدالت نے سپیکر صوبائی اسمبلی کو کل تک جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے متعلقہ عدالت میں جواب نہ پہنچنے پر سماعت کل تک ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخواہ اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف کیلئے اپوزیشن جماعتوں پیپلزپارٹی ،ن لیگ اور جے یو آئی ف نے پشاو ر ہائیکورٹ میں گزشتہ روز درخواست دائرکی تھی۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میںاستدعا کی گئی تھی کہ حلف نہ لینے کی صورت میں سینیٹ انتخابات کو ملتوی کیا جائے۔درخواست مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔درخواست کے متن کے مطابق خیبرپختونخوا کے مخصوص نشستوں پر ممبران سے حلف نہ لینا بدنیتی ہے، مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران سے حلف لیا جائے تاکہ سینیٹ انتخابات میں ووٹ ڈالا جاسکے۔