خیبرپختونخوا حکومت کا لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر بنانے کا فیصلہ

انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سرجری بھی قائم کیا جائے گا، وزیراعلیٰ نے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کرنے کی ہدایت کردی

Sajid Ali ساجد علی منگل 26 مارچ 2024 12:16

خیبرپختونخوا حکومت کا لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ 2024ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبے میں لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سرجری بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے مذکورہ منصوبوں کے قیام کے لیے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی منصوبوں کو حتمی شکل دے کر منظوری کیلیے پیش کریں، ہسپتالوں میں ڈائیلاسز سروس کی 24 گھنٹے دستیابی کو یقینی بنایا جائے، جن اسپتالوں میں ڈائیلاسز سروسز نہیں وہاں شروع کیے جائیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے پشاور کے پبلک پارکوں میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں یہ سہولت صوبے کے تمام شہروں میں فراہم کی جائےگی، اسٹریٹ لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا، جہاں ضرورت ہو انڈر پاسز تعمیر کیے جائیں۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی دارالحکومت پشاور کی بیوٹیفیکیشن سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی، اجلاس میں پشاور شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے مختلف امور پر غور کیا گیا، عوام کی سہولت کے لئے وزیر اعلی علی امین گنڈا پور نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے پشاور کے پبلک پارکوں میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں جملہ معاملات کو حتمی شکل دے کر منظوری کے لئے پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ اگلے مرحلے میں یہ سہولت صوبے کے دیگر شہروں میں شروع کیا جائے، اجلاس میں شہریوں کی سہولت کے لئے ناصر باغ روڈ پر جلد بی آر سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعلی نے شہر کی تزین و آرائش کے لئے پی ڈی اے کو مفصل پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ شہر کی تزین و آرائش کے لئے ایسے اقدامات تجویز کیے جائیں جو پائیدار ہوں، سڑکوں کے اطراف لگے کھمبوں پر خوبصورت گملے نصب کرکے ان میں مصنوعی پودے اور پھول لگائے جائیں، ہیڈ پلوں اور عمارتوں پر خطاطی اور نقش و نگار کیے جائیں، ان نقش و نگاروں میں صوبے کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے، اس مقصد کے لئے نجی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پشاور میں سٹریٹ لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے پر کام کیا جائے، جہاں ضرورت ہو اور ہیڈ پلوں کی بجائے انڈر پاسز تعمیر کیے جائیں، ورسک روڈ تا ناصر باغ رنگ روڈ کے باقی ماندہ پورشن کی تعمیر کا کام جلد شروع کیا جائے، یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کے رش کو کم کرنے کے لئے بی آر ٹی کوریڈور کے اطراف سڑک کی بحالی پر کام کا آغاز کیا جائے۔