وزیرہوا بازی خواجہ آصف کی زیرصدارت اجلاس ،مختلف امور پر بریفنگ

جرمنی، فرانس، نیدرلینڈز، قطر، یو اے ای، ملائیشیا اور ترکی سمیت سات بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی آئوٹ سورسنگ میں دلچسپی

منگل 26 مارچ 2024 15:11

وزیرہوا بازی خواجہ آصف کی زیرصدارت اجلاس ،مختلف امور پر بریفنگ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) جرمنی، فرانس، نیدرلینڈز، قطر، یو اے ای، ملائیشیا اور ترکی سمیت سات بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے آئوٹ سورسنگ میں اپنی دلچسپی ظاہر کر دی جبکہ وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ محمد آصف نے مقامی سرمایہ کاروں کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیساتھ جوڑنے کا مشورہ دیدیا۔وزیر دفاع، دفاعی پیداوار اور ہوا بازی خواجہ محمد آصف کی زیر صدارت وزارت ہوا بازی میں ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ اور پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق اجلاس ہوا۔

اجلاس میں سیکرٹری ایوی ایشن، سیکرٹری نجکاری کمیشن، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) نے وزیر کو بتایا کہ جرمنی، فرانس، نیدرلینڈز، قطر، یو اے ای، ملائیشیا اور ترکی سمیت سات بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے آئوٹ سورسنگ میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے جبکہ مقامی گروپس بھی اس لین دین میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر ہوا بازی نے ان ممالک میں پاکستانی سفیروں کے ساتھ آن لائن ایک میٹنگ بلانے کی ہدایت کی ہے، انہیں ایوی ایشن کی طرف سے تیار کردہ مخصوص بریف فراہم کرنے اور دلچسپی رکھنے والے گروپوں کے ساتھ فعال طور پر رابطے میں رہنے کو کہا ہے۔ انہوں نے مقامی سرمایہ کاروں کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ جوڑنے کا مشورہ بھی دیا تاکہ لوکل سرمایہ کاروں کی آگاہی میں اضافہ ہو سکے اور وہ اپنے کنسورشیم کو تیار کر کے بولی کے عمل میں حصہ لے سکیں۔

سیکرٹری نجکاری کمیشن عثمان اختر باجوہ نے وزیر کو مارکیٹنگ پلان اور PIACL کی نجکاری کے لین دین پر متحدہ عرب امارات، قطر، سعودی عرب اور ترکی سمیت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ابتدائی مصروفیات کے بارے میں آگاہ کیا۔وفاقی وزیر نے ان ممالک کا دورہ کرنے کی ہدایت کی تاکہ وہ ممکنہ سرمایہ کاروں کے ساتھ فعال روابط قائم کر کے پرائیویٹائزیشن میں دلچسپی رکھنے والے گروپس کو پاکستان میں لے کر آئیں، وزیر نے حکومتی سطح پر دونوں ٹرانزیکشن میں معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔