عیدالفطر پر کراچی سے چلنے والی 2اسپیشل ٹرینوں کا شیڈول تیار

منگل 26 مارچ 2024 16:12

عیدالفطر پر کراچی سے چلنے والی 2اسپیشل ٹرینوں کا شیڈول تیار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) پاکستان ریلوے نے عیدالفطر کے موقع پر عوام الناس کی سہولت کے لیے 4اسپیشل ٹرینیں چلانے کے لئے شیڈول تیار کر لیا جن میں سے 2 اسپیشل ٹرین کراچی سے چلائی جائیں گی۔ایک اسپیشل ٹرین کراچی اور پشاور براستہ فیصل آباد، وزیر آباد اور دوسری کراچی سے لاہور براستہ ساہیوال چلے گی۔ حکام کے مطابق پہلی ٹرین 7اپریل 2024 کو کراچی سٹی سے شام 6بجے روانہ ہو گی، یہ ٹرین 17کوچز پر مشتمل ہو گی، جس میں 1110 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

یہ خصوصی ٹرین کراچی کینٹ، لانڈھی، حیدرآباد، ٹنڈو آدم، نواب شاہ، روہڑی، خانپور، بہاولپور، ملتان کینٹ، خانیوال، شورکوٹ کینٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، فیصل آباد، سانگلہ ہل، حافظ آباد، وزیر آباد، لالہ موسی، جہلم، راولپنڈی، ٹیکسلا کینز، اٹک سٹی، نوشہرو اور پھر پشاور سٹی سے ہوتے ہوئے 9اپریل 2024 کو رات 1:15پر پشاور کینٹ پہنچے گی۔

(جاری ہے)

دوسری اسپیشل ٹرین کراچی اور لاہور کے درمیان 8اپریل 2024 کو رات 9بجے روانہ ہو گی جو کراچی کینٹ، لانڈھی، حیدرآباد، ٹنڈو آدم، نواب شاہ، روہڑی، صادق آباد، رحیم یار خان، خانپور، بہاولپور، ملتان کینٹ، خانیوال، میاں چنوں، چیچہ وطنی، ساہیوال، اوکاڑہ، پتوکی، کوٹ لکھپت سے ہوتے ہوئے 9اپریل 2024 کو شام 5:55پر لاہور پہنچے گی، یہ ٹرین 18کوچز پر مشتمل ہو گی اور اس میں 1220 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔

اس میں 2بزنس اور دو اسٹینڈرڈ کلاس کوچز لگائی جائیں گی، باقی تمام ڈبے اکانومی کلاس ہوں گے، صرف اے سی کلاس کی سہولت سیکنڈ ٹرین میں ہوگی۔