سندھ ہائی کورٹ ،لاپتہ شہریوں کی تصاویر پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا میں شائع کرنے اور شہریوں کی ٹریول ہسٹری حاصل کر کے پیش کرنے کی ہدایت

منگل 26 مارچ 2024 16:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ شہریوں کی تصاویر پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا میں شائع کرنے اور شہریوں کی ٹریول ہسٹری حاصل کر کے پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔منگل کوسندھ ہائی کورٹ میں کراچی کے مختلف علاقوں سے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق کیا پیش رفت ہوئی تفتیشی افسر نے بتایا کہ شہریوں کی بازیابی کے لئے ملک بھر کے مختلف حراستی مراکز اور دیگر ایجنسیوں کو خطوط ارسال کیے ہیں۔

(جاری ہے)

متعدد جے آئی ٹیز اور صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس بھی ہوچکے ہیں لیکن اب تک شہریوں کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ علی بہادر بہادرآباد،انار گل سرجانی ٹائون سے لاپتہ ہے، ارسلان الدین شریف آباد اور دیگر شہری کراچی کے مختلف علاقوں سے لاپتہ ہیں۔ شہریوں کی بازیابی کے لئے بھر پور کوشش کی جارہی ہے۔ عدالت نے شہریوں کی تصاویر پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر شائع کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے شہریوں کی ٹریوسل ہسٹری حاصل کر کے پیش کرنے کی بھی ہدایت کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے درخواستوں کی سماعت 25 اپریل تک ملتوی کردی۔