ظ*علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور 'تکمیل فاؤنڈیشن' کے مابین یادداشتوں پر دستخط

،اساتذہ کی تربیت میں تعاون، ماسٹر ٹرینرز کے لئے تربیتی سیشنز کا انعقاد، تعلیمی سرگرمیوں کے انعقاد میں تعاون کیا جائیگا

منگل 26 مارچ 2024 18:40

Wاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور 'تکمیل فاؤنڈیشن' کے مابین آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی نیٹ میں لانے کے لئے باہمی تعاون اور سہولت کاری کے حوالے سے گذشتہ روز مفاہمت کی یاداشت پر دستخطوں کی تقریب منعقد ہوئی۔ یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر فضل الرحمن، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اینڈ فالو اپ،پروفیسر ڈاکٹر سید عامر شاہ نے تقریب میں وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی نمائندگی کی۔

معاہدے کی دستاویزات پر یونیورسٹی کی جانب سے شعبہ فاصلاتی غیر رسمی و جاریہ تعلیم کے چئیرمین، ڈاکٹر محمد اجمل چوہدری جبکہ تکمیل کی جانب سے بورڈ ممبر، ڈاکٹر ثانیہ نے دستخط کئے۔معاہدے کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی نیٹ میں لانے کے لئے تدریسی و تکنیکی سپورٹ فراہم کرے گی،اساتذہ کی تربیت میں تعاون کرے گی، ماسٹر ٹرینرز کے لئے تربیتی سیشنز کا انعقاد، تعلیمی سرگرمیوں کے انعقاد میں تعاون فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرفضل الرحمن نے کہا کہ آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی نیٹ میں لانے کے لئے پبلک، پرائیوٹ سیکٹر کے ادارے اور مختلف این جی اوز کام کررہے ہیں لیکن مسئلے پر ابھی تک قابو پانے میں ناکامی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورس نتائج کے لئے معاہدوں پر عمل درآمد ضروری ہے اور ہمارے وائس چانسلر کی بھی یہی خواہش کہ معاہدے محض کاغذی کارروائی نہیں بلکہ کمیونٹی کو کچھ دینے کے لئے کئے گئے معاہدووں پر عمل درآمد کی ضرورت ہوتی ہے۔

ڈاکٹر سید عامر شاہ نے کہا کہ آؤٹ آف سکول بچوں کو داخل کرنے کمیونٹی کی بہترین خدمات اورایک نوبل کاز ہے،اور اس قومی مسئلے کو حل کرنے میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی مثالی کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی خواہش ہے کہ ایک بھی بچہ آؤٹ آف سکول نہ رہے۔ڈاکٹر ثانیہ نے کہا کہ تکمیل فاؤنڈیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے دور دراز پسماندہ علاقوں میں سکول سے باہر بچوں کو بنیادی تعلیم مفت فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تکمیل نے ملک کے مختلف پسماندہ علاقوں میں 160سکولز قائم کئے ہیں جن میں 5ہزار آؤٹ آف سکول بچوں کو داخل کیا گیا ہے۔ڈاکٹر ثانیہ کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعاون سے ہم یہ قومی خدمت اب مزید بہتر انداز سے انجام دے سکیں گے اور ملک کے آؤٹ آف سکول تمام بچوں کو داخل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ڈاکٹر اجمل نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی اس قومی کاز کے لئے تکمیل کو تکنیکی، کیپسٹی بلڈنگ سپورٹ اور ان کے 160سکولوں کے اساتذہ کو تربیت فراہم کرے گی۔تقریب کے آغاز پر ڈاکٹر طاہر ہ بی بی نے معاہدے کا پس منظر تفصیل سے بیان کیا اور دونوں اداروں کے شرکائ کا مختصر تعارف بھی کرایا۔