vموسیقار ماسٹر عنایت حسین کو دنیا سے رخصت ہوئے 31 برس بیت گئے

منگل 26 مارچ 2024 18:45

ؔلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2024ء) پاکستان کے نامور موسیقار ماسٹر عنایت حسین کو دنیا سے رخصت ہوئے 31 برس بِیت گئے ہیں۔ماسٹر عنایت حسین نے 1916 میں اندرونِ شہر لاہور کے موسیقار گھرانے میں آنکھ کھولی، اپنے ماموں سے موسیقی کے ابتدائی رموز سیکھنے کے بعد انہوں نے استاد بڑے غلام علی خاں کی شاگردی اختیار کر لی اور پھر کم عمری میں ہی ممبئی کا رخ کیا۔

(جاری ہے)

1946 میں ماسٹر عنایت حسین نے فلم کملی اور قیامِ پاکستان کے بعد پہلی فلم ہچکولے کی موسیقی ترتیب دی، فلم گمنامکے گیتوں نے ان کو بڑا موسیقار ثابت کر دیا، ملکہ ترنم میڈیم نور جہاں کو شہرت کی بلندیوں تک لے جانے میں ماسٹر عنایت حسین کی دھنوں کا اہم کردار تھا۔1965 میں بننے والی فلم نائلہ کے گانے آج بھی کانوں میں رس گھولتے ہیں، ان کی دھنوں نے انار کلی، محبوبہ، گمنام، انتقام ، عذرا، معصوم، دل میرا دھڑکن تیری، عشق پر زور نہیں، دیور بھابھی اور مولا جٹ جیسی فلموں کو لازوال بنا دیا۔

فلم نائلہ اور جادو کے نغمات کی موسیقی ترتیب دینے پر ماسٹر عنایت حسین کو نگار اور دیگر ایوارڈ بھی عطا کیے گئے، ماسٹر عنایت حسین نے 26 مارچ 1993 کو لاہور میں وفات پائی اور میانی صاحب قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔