الیکشن کمیشن نے کے پی اسمبلی ارکان کے حلف نہ لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا

منگل 26 مارچ 2024 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) الیکشن کمیشن نے کے پی اسمبلی ارکان کے حلف نہ لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔منگل کو چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کی۔سیکرٹری خیبرپختونخوا اسمبلی کفایت اللہ آفریدی الیکشن کمیشن پیش ہوئے۔درخواست گزار نومنتخب خواتین ارکان کے پی اسمبلی الیکشن کمیشن پیش ہوئے۔

کمیشن نے استفسار کیا کہ آپ بتائیں نومنتخب ارکان سے حلف لیا جا رہا ہے۔ کے پی اسمبلی کے نمائندے نے بتایا کہ سپیکر نے حلف لینے سے انکار نہیں کیا،گورنر کے پی کا اجلاس طلب کرنے کا حکم نامہ خلاف قانون تھا۔ ممبر کمیشن اکرام اللہ نے استفسار کیا کہ اگر سپیکر کے پی اسمبلی الیکشن کمیشن کے احکامات نہ مانیں تو کیا ہوگا؟حلف نہ لینے پر کیا الیکشن کمیشن سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے خلاف کارروائی کر سکتا ہے؟شاہ خاور ایڈووکیٹ نے بتایا کہ الیکشن کمیشن اسمبلی کے اجلاس کی اندرونی کارروائی میں مداخلت نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری اسمبلی نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس بلانے کے آرڈر کی قانونی تشریح کی جارہی ہے۔ سیکرٹری کے پی اسمبلی نے کہا کہ دیکھنا ہے کہ کیا سمری کے بغیر گورنر ازخود اجلاس بلا سکتے ہیں یا نہیں،جب اجلاس ہوگا تو نومنتخب ارکان کا حلف لے لیا جائے گا۔ڈی جی لاء نے کہا کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے، الیکشن کے بعد حلف لینے کا معاملہ بھی الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں آتا ہے،الیکشن کمیشن ارکان کے حلف لینے کے حوالے سے ہدایات جاری کرسکتا ہے،ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے کہا کہ سپیکر ارکان کا حلف لینے میں تاخیر کریں تو الیکشن کمیشن مداخلت کرسکتا ہے۔الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔