Live Updates

گندم خریداری ودیگر امور پر پالیسی سازی کیلئے وزارتی کمیٹی قائم،صوبائی وزیر خوراک سربراہ،وزیر خزانہ،زراعت اور اطلاعات ممبر ہونگے

-اجناس کی ضرورت کا تعین کرکے کاشت کا فیصلہ کرنا ضروری ہے،فصل کی ضرورت کا پیشگی تعین کرنے کیلئے اے آئی اور دیگر ٹیکنالوجی استعمال کی جائی:مریم نوازشریف

منگل 26 مارچ 2024 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گندم خریداری اور دیگر امور پر پالیسی سازی کے لئے وزارتی کمیٹی قائم کر دی ۔ صوبائی وزیر خوراک کمیٹی کے سربراہ،وزیر خزانہ،زراعت اور اطلاعات ممبر ہونگے ۔ گندم سے متعلق امور پر ارکان اسمبلی سے مشاورت کر نے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا چوتھا اجلاس منعقد ہواجس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اجناس کی ضرورت کا تعین کرکے کاشت کا فیصلہ کرنا ضروری ہے۔

فصل کی ضرورت کا پیشگی تعین کرنے کے لئے اے آئی اور دیگر ٹیکنالوجی استعمال کی جائے۔انہوںنے کہاکہ پتنگ کی دھاتی تار سے بچاؤ کے لئے بائیک پر سیفٹی گارڈ لگانے کی باقاعدہ مہم شروع کی جائے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ مسیحی ورکروں کی ہلاکت پر افسوس ہے۔غریب کی جان جائے تو محض خبر بنتی ہے۔ سینٹی ورکروں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے مؤثر قانون سازی کی جائے گی۔

اجلاس میں مسیحی ملازمین کیلئے ایسٹر پر چھٹی کی تجویز پر اتفاق بھی کیا گیا۔کابینہ نے نقل روکنے کے لئے امتحانی مراکز میں کیمرے اور آرٹیفشل ٹیکنالوجی سے کام لینے کا فیصلہ کیا اس ضمن میں وزرا، ڈی سی اور دیگر حکام کو چیکنگ کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے وزراء اور ارکان اسمبلی کو قانون کی پاسداری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

کابینہ نے اے ایس پی سیدہ شہر بانو نقوی، ایس ڈی پی او گلبرگ، لاہور کو قائداعظم پولیس میڈل دینے کی سفارش وفاق کو بھیجنے کی منظوری دی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ اچھا کام کرنے والے پولیس افسروں کی حوصلہ افزائی ضروری امر ہے۔ اجلاس میں ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم (DVRS) ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی اوروزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جامع کنٹریکٹ پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں موٹر ٹرانسپورٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم، ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع اورکابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے گندم اورمحکمہ خوراک کی کموڈٹی فنانسنگ کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی۔صوبائی وزراء،سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات