عوام دوہرے معیار کے شہری نہیں ان کو ملک کے دیگر بڑے شہروں کے عوام کے طرز پر سہولیات دینی ہو گی ، عبد الرحمن رفیق

منگل 26 مارچ 2024 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ شیخ مولانا عبد الاحد محمدحسنی مولانا محمد اشرف جان حاجی محمد شاہ لالا حافظ سراج الدین حاجی صالح محمد مولانا حافظ سردار محمد نورزئی مولانا جمال الدین حقانی مولانا مفتی نیک محمد فاروقی میر فاروق لانگو سیکرٹری مالیات میر سرفراز شاہوانی مولانا محمد عارف شمشیر مفتی محمد ابوبکر حافظ دوست محمد اور دیگر نے کہا کہ کوئٹہ کے عوام دوہرے معیار کے شہری نہیں ان کو ملک کے دیگر بڑے شہروں کے عوام کے طرز پر سہولیات دینے ہوں گے۔

صرف خالی خول اور بلند وبانگ دعووں کی بجائے کوئٹہ کو مسائل سے نکالنے کے لیے بنیادی سہولیات دینی ہوں گی ، انہوں نے کہا کہ ہمیں سب سے زیادہ افسوس ضلع کوئٹہ کے حلقوں سے مسلط کئے گئے پیرا شوٹرز اور ڈیل سازوں پر ہے کہ انہوں نے کس ضمیر کے تحت حلف اٹھایا یقیناً بلوچستان صوبائی اسمبلی کی اکثریت اس لیئے عوام کو نہیں دوسروں کے سامنے جواب دہ ہوں گے جنہوں نے عوامی مینڈیٹ کا خون کرکے ان کو ناحق اور ناجائز طریقے سے عوام پر مسلط کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا اس وقت کوئٹہ بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہے۔ گیس بجلی اور پانی کی عدم موجودگی کے باوجود ظالمانہ ٹیکسز اور بھاری بھرکم بلوں نے عوام کا جینا حرام کرکے رکھ دیا ہے۔ صحت کا شعبہ مکمل طور مفلوج ہے شہر کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں علاج ومعالجہ کی سہولیات نہیں ہیں، اسی طرح تعلیم کے شعبوں پر کوئی توجہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان بے روزگار ہیں آئندہ وزرائ بھی نوکریاں فروخت کرکے میرٹ کا قتل کریں گے۔