امریکی وزیر دفاع کا فلسطینیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور

فلسطینیوں کو نقصان سے بچانااخلاقی ، تزویراتی معاملہ ہے،اسرئیلی ہم منصب کو فون

بدھ 27 مارچ 2024 11:46

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اپنے اسرائیلی ہم منصب یوآو گیلنٹ کے ساتھ ملاقات میں زور دیا ہے کہ عام فلسطینیوں کو نقصان سے بچانا ایک اخلاقی اور تزویراتی معاملہ ہے۔ انہوں نے غزہ کی صورتحال کو انسانی تباہی قرار دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگان)کے ہیڈ کوارٹر میں اپنے اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات کے دوران سامنے آئی۔

آسٹن نے کہا کہ آج غزہ میں شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور انسانی امداد کا حجم بہت کم ہے۔ملاقات کے بعد پینٹاگان کے ایک سینیر اہلکار نے صحافیوں سے بات کی اور بتایا کہ آسٹن نے اس بات پر زور دیا کہ "شہریوں کا تحفظ بہت اہم ہے اور گیلنٹ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ غزہ میں جاری جنگ میں فلسطینی شہریوں کا ہرممکن تحفظ یقینی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہم رفح اورکارم شالوم کراسنگ سے غزہ میں داخل ہونے کے لیے مزید امداد چاہتے ہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ تمام امریکی فوجی امداد اس یقین دہانی کے ساتھ فراہم کی جاتی ہے کہ اس کا استعمال بین الاقوامی قانون اور جنگی معاہدوں کا احترام کرتا ہے۔پینٹاگان کے اہلکار نے فلسطینی شہریوں کو محفوظ بنانے اور مصر کے ساتھ ہم آہنگی کی ضرورت پر زوردیا۔