غزہ جنگ بندی قرارداد پر عمل نہ ہوسکا، مزید 12 فلسطینی شہید

اسرائیلی طیاروں نے خان یونس میں فلسطینیوں کے خیموں پر بم گرادئیے، وزارت صحت

بدھ 27 مارچ 2024 13:34

مقبوضہ غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فوری جنگ بندی کی منظور شدہ قرارداد پر اب تک عمل نہ ہوسکا، اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے علاقے المواصی میں مزید 12 فلسطینی شہید کردئیے۔

(جاری ہے)

قطری نشریاتی ادارہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے بتایاکہ اسرائیلی طیاروں نے خان یونس میں فلسطینیوں کے خیموں پر بم گرادئیے، جبکہ اسرائیلی فوجیوں نے نصیر ہسپتال کا مکمل محاصرہ کیا ہوا ہے جہاں مریضوں کو مسلسل فائرنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی برائے فلسطین فرانسسکا البانیز نے انکشاف کیا کہ اسرائیل غزہ کو تباہ کرنے کے لیے 25 ہزار ٹن بارود استعمال کرچکا ہے، انہوں نے کہا کہ اسرائیل یہ ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے کہ غزہ میں مارے جانے والے مرد حماس کے جنگجو تھے۔اسرائیلی فوج نے دعوی کیا کہ حماس کے نائب فوجی کمانڈر مروان عیسی رواں ماہ کے شروع میں اسرائیلی فضائی حملے میں مارے گئے تھے۔جب کہ حماس کے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے پاس ان کی موت کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔