کراچی، ڈیفنس میں غلام مرتضی جتوئی کے گھر پر پولیس کا چھاپا

پیپلزپارٹی میں شامل نہ ہونے کی سزا دی جارہی ہے، جھوٹے مقدمات درج کرکے ہراساں کیا جارہا ہے،اہلیہ مرتضیٰ جتوئی

بدھ 27 مارچ 2024 14:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی ای)کے رہنما غلام مرتضی جتوئی کی رہائش گاہ پر پولیس نے چھاپا ماراہے۔غلام مرتضی جتوئی کی اہلیہ نے الزام لگایا ہے کہ رات تین بجے مرد پولیس اہلکار دروازے توڑ کر گھر میں داخل ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام لگایا کہ اہلکاروں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا اور سامان نکال کر پھینک دیا۔غلام مرتضی جتوئی کی اہلیہ نے بتایا کہ خواتین اور بچوں کے ساتھ بدتمیزی کی گئی اور انہیں ہراساں کیا گیا۔انہون نے الزام لگایا کہ ہمیں پیپلزپارٹی میں شامل نہ ہونے کی سزا دی جارہی ہے، جھوٹے مقدمات درج کرکے ہراساں کیا جارہا ہے۔